نیب کا کردار گھناؤنا، انتقامی کارروائیوں کے بعد یہ مطلوب ادارہ بن گیا، مریم نواز

لاہور: مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم نواز کا کہنا ہے کہ نیب کا کرداربہت گھناؤنا ہے اور انتقامی کارروائیوں کے بعد نیب اب خود ایک مطلوب ادارہ بن گیا ہے۔
مریم نواز نے (ن) لیگ کے رہنماؤں کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ نیب نے رنگ دینے کی کوشش کی کہ شاید میں نے کسی زمین پر قبضہ کیا ہے، صرف مجھے بلانا مقصود تھا اور بلانے کے پیچھے مجھے نقصان پہنچانا مقصود تھا، اگر بلٹ پروف گاڑی نہ ہوتی تو پتھر میرے سر پر لگتے اور میں اسپتال میں ہوتی، نیب کے کردار کے بارے میں مجھے بہت پہلے سے معلوم تھا۔
مریم نواز نے کہا کہ انتقامی کارروائیوں کے بعد نیب اب خود ایک مطلوب ادارہ ہے، نیب کا کرداربہت گھناؤنا ہے، نیب پولیٹیکل انجینئرنگ اور جوڑتوڑ کا ادارہ بن چکا۔ نیب کے سامنے پیش نہ ہونا شاید قانون کی زیادہ پاسداری ہوگی۔
مریم نواز نے کہا کہ حکومت کو ہر محاذ پر ناکامی کا سامنا ہے، عمران خان کو اقتدار میں آنے کا بہت شوق تھا، عمران خان کو اب جانے کا خوف ہے، عمران خان جتنے ظلم کرچکے، انہیں اب اپنے انجام سے خوف آتا ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ حکومت کو نوازشریف پررحم نہیں آیا تھا انہیں اپنے اوپر رحم آیا۔ آپ کے اپنے وزیروں نے کہا نوازشریف کی صحت ٹھیک نہیں، آپ نے نواز شریف کی صحت پر سیاست کی، نواز شریف ان کی تحویل میں بیمار ہوئے، حکومت نے خود کو بچانے کے لیے نواز شریف کو باہر بھیجا۔
مریم نواز نے کہا کہ یہ نواز شریف کا بیانیہ نہیں یہ ہمارے آئین کا بیانیہ ہے، پارٹی کے سارے رہنما نواز شریف کی قیادت اور ووٹ کوعزت دو پر متفق ہیں۔ اگر ووٹ کو عزت مل جاتی تو پاکستان کی دنیا میں جگ ہنسائی نہ ہوتی۔ نواز شریف کی کوئی بھی تصویر سامنے آتی ہے تو ان کو تکلیف ہوتی ہے، ہماری نیب کی پیشیاں بہت خاموش ہوا کرتی تھیں، میرے لیے بولنا آسان ہے اور خاموش رہنا مشکل، کبھی ہم نے بول کر انہیں ایکسپوز کیا، کبھی خاموش رہ کر انہیں زیادہ ایکسپوز کیا۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔