نواز کے کسی نمائندے نے آرمی چیف سے ملاقات نہیں کی، مریم نواز

لاہور: مریم نواز کا کہنا ہے کہ نواز شریف کے کسی نمائندے نے آرمی چیف سے ملاقات نہیں کی۔
مسلم (ن) لیگ کی رہنما مریم نواز نے کمرہ عدالت میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کی صحت آپریشن کی متقاضی ہے، لیکن جب تک کورونا ہے، نواز شریف کا آپریشن نہیں ہوسکتا، نواز شریف کا امیون سسٹم کمزور ہے اور ان کا علاج جاری ہے۔
صحافی نے پوچھا کہ پارلیمانی رہنماؤں کی آرمی چیف سے ملاقات پر کیا کہیں گی، جس پر مریم نواز نے کہا کہ میری اطلاع کے مطابق پارلیمانی رہنماؤں کی ملاقات اسلام آباد میں نہیں بلکہ پنڈی میں ہوئی لیکن نواز شریف کے کسی نمائندے نے آرمی چیف سے ملاقات نہیں کی۔
انہوں نے کہا کہ اشتہاری کی درخواست پر منتخب وزیراعظم کو نااہل کیا گیا، اشتہاری جس تھانے کی حدود کا ملزم تھا اسی تھانے کی حدود میں عدالت پیش ہوتا تھا۔
اس سے قبل مریم نواز نے نواز شریف اور شہباز شریف کے درمیان کسی بھی قسم کے اختلافات کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا کہ ایک تھے، ایک ہیں اور ہمیشہ ایک رہیں گے ان شاء اللّہ، اِن کو توڑنے کے خواب دیکھنے والے خود ٹوٹ جائیں گے۔ ایسے کئی آئے اور کئی گئے۔
مریم نواز نے شہباز شریف کو سالگرہ کی مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف نے قوم کی خدمت کے لیے بے غرض اور انتھک محنت کی، شہباز شریف نے سیاسی و ذاتی انتقام کے باوجود بھائی سے بلاخوف وفاداری نبھائی اور وہ میرے لیے دوسرے باپ کا درجہ رکھتے ہیں۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔