چوہدری شوگر ملز کیس، مریم نواز کو نیب نے دوبارہ طلب کرلیا!

لاہور: نیب نے چوہدری شوگر ملز کیس میں مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کو دوبارہ طلب کرلیا ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق نیب کو چوہدری شوگر ملز کیس میں مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کے حوالے سے نیب لاہور کو نئے شواہد موصول ہوئے ہیں، جس کی روشنی میں نیب کی تفتیشی ٹیم کو مریم نواز سے تحقیقات کرنی ہیں۔
نیب کی جانب سے بھجوائے گئے نوٹس میں مریم نواز سے کہا گیا ہے کہ ان کا 22 جنوری کو جمع کرایا گیا جواب مبہم، غیر واضح اور غیر اطمینان بخش ہے۔ اس لیے مریم نواز 26 مارچ کو دن 11 بجے نیب لاہور کے ٹھوکر نیاز بیگ میں واقع دفتر میں دن 11 بجے پیش ہوں۔
چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے مریم نواز کی ضمانت منسوخی کی درخواست بھی لاہور ہائی کورٹ میں دائر کر رکھی ہے، جس پر مرایم نواز اور دیگر فریقین کو نوٹس جاری ہوچکے ہیں۔
خیال رہے کہ نیب لاہور نے چوہدری شوگر ملز کیس میں تفتیش کے لیے 11 اگست 2020 کو بھی طلب کیا تھا، تاہم اس دوران مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں سے تصادم ہوگیا تھا، جس کی وجہ سے مریم نواز تحقیقاتی ٹیم کے سامنے پیش نہیں ہوسکی تھیں۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔