ن لیگ غنڈوں کی جماعت، خواتین سے غیر اخلاقی رویہ اسکی تاریخ ہے: ملیکہ بخاری
اسلام آباد: حکمراں جماعت کی ایم این اے ملیکہ بخاری کا کہنا ہے کہ ن لیگ قبضہ گروپس اور غنڈوں کی جماعت بن چکی، اپوزیشن کے رویے سے کوئی خاتون رکن پارلیمنٹ محفوظ نہیں، ایسے لوگوں کے پارلیمنٹ میں آنے پر پابندی لگائی جائے۔
پاکستان تحریک انصاف کی خواتین ایم این اے ملیکہ بخاری نے زرتاج گل اور دیگر کے ساتھ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کل جو ہوا وہ پارلیمان کے لیے سیاہ دن تھا، کل میری ذاتی طور پر تضحیک و تذلیل ہوئی، پارلیمان میں خاتون ارکان کے بارے میں نازیبا الفاظ استعمال کیے جاتے ہیں اور کتابیں پھینکی جاتی ہیں، آپ اس پارٹی سے تعلق رکھتے ہیں جس نے ماڈل ٹاؤن میں حاملہ خواتین پر گولیاں چلائیں۔
رکن قومی اسمبلی ملیکہ بخاری کا کہنا تھا کہ ہم جانتے ہیں شہید بی بی بے نظیر بھٹو ایوان میں آتی تھیں تو ن لیگ کن القاب سے نوازتی تھی، ن لیگ نے ماڈل ٹاؤن میں خواتین کی تضحیک کی، قوم جانتی ہے کہ ن لیگ کا خواتین سے رویہ انتہائی غیر اخلاقی ہے، خواتین سے غیر اخلاقی رویہ اختیار کرنا ن لیگ کی تاریخ ہے، پارلیمان کو چلانے کے قواعد و ضوابط ہیں۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ صرف آپ جمہوریت نہیں ہم بھی جمہوریت کا حصہ ہیں، یہ تربیت ہے مریم نواز کی جو خود ایک خاتون ہیں، ہم دلائل سے پارلیمان میں بات کریں گے اور آپ کو بے نقاب کریں گے، خواتین پارلیمان میں دلائل کے ساتھ اپنا موقف پیش کرتی ہیں۔
زرتاج گل کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کے رویے سے کوئی خاتون رکن پارلیمنٹ محفوظ نہیں، پارلیمنٹ میں قانون سازی کے حوالے سے خواتین کا اہم کردار ہے، ن لیگ قبضہ گروپس اور غنڈوں کی سرپرستی کرتی ہے، ن لیگ نے سیاسی جماعت ہونے کا لبادہ اوڑھ رکھا ہے، رات 3 بجے تنظیم سازی کرنے والے کو ترجمان بنادیا گیا، ایسے لوگوں پر پارلیمنٹ ہاؤس میں آنے پر پابندی لگائی جائے، بجٹ میں ہر طبقے کے لوگوں کی فلاح اپوزیشن سے برداشت نہیں ہوئی۔