منشیات فروشی کیس میں بڑا موڑ، انمول عرف پنکی بری

کراچی: ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جنوبی کی عدالت نے گذری تھانے میں درج منشیات فروشی کے مقدمے میں نامزد ملزمہ انمول عرف پنکی کی بریت کی درخواست منظور کرتے ہوئے اسے مقدمے سے بری کردیا۔
عدالت میں سماعت کے دوران وکیلِ صفائی نے مؤقف اختیار کیا کہ مذکورہ مقدمے میں دو شریک ملزمان پہلے ہی عدالت سے بری ہوچکے ہیں۔ وکیل نے عدالت کو بتایا کہ شریک ملزمان علی اور فہمیدہ کو بھی سال 2024 میں مقدمے سے بری کیا جاچکا ہے جب کہ انمول عرف پنکی کو شریک ملزمان کے بیانات کی بنیاد پر مقدمے میں شامل کیا گیا تھا۔
وکیلِ صفائی نے عدالت سے استدعا کی کہ مقدمے کے دستیاب شواہد اور سابقہ عدالتی فیصلوں کی روشنی میں انمول عرف پنکی کو بھی مقدمے سے بری کیا جائے۔
عدالت نے وکیل کے دلائل اور مقدمے کے ریکارڈ کا جائزہ لینے کے بعد انمول عرف پنکی کی بریت کی درخواست منظور کرلی اور اسے مقدمے سے بری کرنے کا حکم دے دیا۔
خیال رہے کہ انمول عرف پنکی کے خلاف 2021 میں گذری تھانے میں منشیات کے مقدمے کا اندراج کیا گیا تھا۔ مقدمے کے دوران ملزمہ مفرور قرار دی گئی تھی۔ بعد ازاں عدالت میں پیش ہونے کے بعد اس نے مقدمے سے بریت کے لیے درخواست دائر کی تھی، جس پر عدالت نے سماعت کے بعد فیصلہ سناتے ہوئے اسے بری کردیا۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔