ماہرہ خان کا مظلوم فلسطینیوں کے حق میں بیان

کراچی: بین الاقوامی شہرت یافتہ پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان بھی فلسطین کی حمایت میں کھل کر بول پڑیں۔
حماس کے اسرائیل پر حملوں کے بعد سے اسرائیل نے فلسطینی عوام پر ظلم کو انتہا کردی ہے، غزہ پر ہفتے سے جاری اسرائیلی بمباری میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 2329 تک پہنچ گئی جب کہ 9 ہزار 700 افراد زخمی اور 3 لاکھ افراد بے گھر ہوچکے ہیں۔
حماس کے حملوں کے بعد امریکا اور بھارت اسرائیل کے حمایتی بن کے سامنے آئے ہیں جب کہ پاکستان سمیت دنیا بھر کے نامور فنکار اور مشہور شخصیات فلسطین کے حق میں اپنی آواز بُلند کرتے نظر آرہے ہیں۔
اسرائیل فلسطین کشیدگی پر ماہرہ خان خاموش تھیں اور مداحوں کی جانب سے یہ شکوہ کیا گیا تھا کہ اداکارہ فلسطین کے حق میں کوئی پیغام جاری نہیں کررہی ہیں۔
تاہم، اب ماہرہ خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر مظلوم فلسطینی بچوں کے لیے آواز اُٹھائی ہے۔
ایکس پر ایک صارف نے فلسطینی بچے کی تصویر پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ کاش بم گرنے پر میں تمہیں اپنے دل میں چھپا سکتا۔
اس ٹوئٹ پر ردعمل دیتے ہوئے ماہرہ خان نے کہا کہ میری بھی یہی خواہش ہے، کاش! میں بھی یہ کرسکتی۔
خیال رہے کہ فلسطینی حریت پسند تنظیم حماس کے اسرائیل پر تاریخی اور حیران کن حملے کے بعد اسرائیلی افواج کی مشتعل ہوکر ہفتے سے غزہ پر بمباری جاری ہے، اسرائیلی افواج بلاامتیاز رہائشی عمارتوں، خواتین اور بچوں کو بھی نشانہ بنارہی ہیں جس کے سبب ہلاکتوں کی تعداد بڑھتی جارہی ہے۔

 

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔