ملائیشیا کے رہنما مہاتیر محمد کورونا وائرس کی زد میں آگئے

کوالالمپور: سابق ملائیشین وزیراعظم مہاتیر محمد کورونا کی زد میں آگئے، جس کے باعث انہیں اسپتال میں داخل کرادیا گیا ہے۔
بیرون ملک کے ذرائع ابلاغ کے مطابق مہاتیر محمد کورونا کی ہلکی علامات محسوس کررہے ہیں اور کچھ روز تک اسپتال میں ڈاکٹروں کے زیرنگرانی رہیں گے۔
97 سالہ مہاتیر محمد پہلی بار کورونا وائرس کی زد میں آئے ہیں، وہ کچھ عرصے قبل دل میں تکلیف کی شکایت پر کئی روز اسپتال میں داخل رہے تھے۔
مہاتیر محمد دو مرتبہ ملائیشیا کے وزیراعظم رہے، ان کا دل کے عارضے میں مبتلا ہونے کی وجہ سے پہلا بائی پاس 1989 جب کہ دوسرا 2007 میں ہوا لیکن وہ ان سرجریوں کے بعد بھی سیاست میں سرگرم رہے۔
واضح رہے کہ مہاتیر محمد نے پہلی بار 1981 میں اقتدار سنبھالا اور 22 سال بعد 2003 میں ریٹائر ہونے پر ملک میں سب سے طویل عرصے تک رہنے والے وزیر اعظم بنے۔
بعد ازاں 2018 میں مہاتیر محمد ایک بار پھر سیاست کے میدان میں آئے اور اپنی نئی جماعت بنائی، دیگر ہم خیال جماعتوں سے انتخابی اتحاد کیا اور ایک بار پھر وزارت عظمیٰ کا عہدہ سنبھالا، تاہم اندرونی اختلافات کے بعد فروری 2020 میں وہ عہدے سے مستعفی ہوگئے تھے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔