مچھ اور کولپور میں آپریشن مکمل: 24 دہشتگرد ہلاک، چار اہلکاروں سمیت 6 شہید

کوئٹہ: ملک کے بلحاظ رقبہ سب سے بڑے صوبے بلوچستان کے شہروں مچھ اور کولپور میں حملہ آوروں کے خلاف آپریشن مکمل ہوگیا، دو طرفہ لڑائی میں 24 دہشت گرد مارے گئے، چار سیکیورٹی اہلکار اور دو شہریوں نے جام شہادت نوش کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 29 اور 30 جنوری کی درمیانی رات دہشت گردوں نے بلوچستان میں مچھ اور کولپور کمپلیکس پر حملہ کیا۔
سیکیورٹی پر تعینات قانون نافذ کرنے والے اداروں نے سخت مزاحمت کی اور حملہ آوروں کو پسپا ہونے پر مجبور کردیا، ان دہشت گردوں کو اس کے بعد آنے والے سینی ٹائزیشن اور کلیئرنس آپریشنز میں تلاش کیا گیا تھا اور آپریشن کلین اَپ علاقے کو کلیئر اور محفوظ بنانے کے بعد مکمل کیا گیا ہے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق فائر فائٹ اور سینی ٹائزیشن/ کلیئرنس آپریشنز کے دوران، گزشتہ تین دنوں میں، 24 دہشت گردوں کو جہنم میں بھیج دیا گیا، ہلاک ہونے والوں میں دہشت گرد شہزاد بلوچ، عطاء اللہ، صلاح الدین، عبدالودود اور ذیشان جیسے اہم دہشت گرد شامل ہیں، باقی دہشت گردوں کی شناخت کا عمل جاری ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فائرنگ کے شدید تبادلے کے دوران قانون نافذ کرنے والے اداروں کے چار اہل کار بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوئے اور دو معصوم شہریوں نے شہادت کو گلے لگالیا، قانون نافذ کرنے والے اداروں کا موثر جواب دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ان کے بے لوث عزم کا ثبوت ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے مزید کہا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک میں امن و استحکام کو یقینی بنانے کے لیے قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کے ساتھ کندھے سے کندھا ملاکر کھڑی ہیں۔

 

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔