لیفٹیننٹ کرنل لئیق بیگ کو اغوا کے بعد شہید کردیا گیا

راولپنڈی: بلوچستان کے علاقے زیارت میں پاک فوج کے لیفٹیننٹ کرنل لئیق بیگ مرزا کو اغوا کے بعد شہید کردیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دہشت گردوں نے لیفٹیننٹ کرنل لئیق بیگ مرزا کو 12 اور 13جولائی کی رات زیارت کے قریب سے اغوا کیا تھا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں نے کرنل لئیق بیگ کے کزن عمر جاوید کو بھی اغوا کیا تھا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق لیفٹیننٹ کرنل لئیق بیگ ڈی ایچ اے کوئٹہ میں خدمات سرانجام دے رہے تھے، لیفٹیننٹ کرنل لئیق بیگ اور ان کے کزن کے اغوا کی اطلاع پر آرمی کوئیک ری ایکشن فورس روانہ کی گئی، جس نے دہشت گردوں کا پیچھا کرکے ان کا منگی ڈیم کے پاس موجودگی کا سراغ لگایا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں دو دہشت گرد بھی مارے گئے، سرچ آپریشن میں ایس ایس جی کے جوانوں اور ہیلی کاپٹرز نے حصہ لیا، دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ وگولا بارود کی بڑی مقدار برآمد ہوئی۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ دہشت گرد مغوی عمر کو لے کر فرار ہوگئے، بے گناہ شہری کی بازیابی اور مجرموں کو پکڑنے کے لیے پُرعزم ہیں، خراب موسم کے باوجود سیکیورٹی فورسز کا علاقے میں آپریشن جاری ہے، سیکیورٹی فورسز بلوچستان کا امن، استحکام اور ترقی سبوتاژ کرنے کی کوششیں ناکام بنانے کے لیے پُرعزم ہیں۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔