اومی کرون کے باعث لندن کی ٹین ڈاوننگ اسٹریٹ میں کرسمس پارٹی منسوخ

کورونا وائرس کے نئے ویرینٹ اومی کرون کے باعث لندن کی ٹین ڈاوننگ اسٹریٹ نے کرسمس پارٹی منسوخ کر دی۔
برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اس سال برطانوی وزیر اعظم کے ڈاؤننگ اسٹریٹ آفس میں کرسمس پارٹی کا کوئی منصوبہ نہیں ہے کیونکہ حکومت کورونا کے پھیلاؤ سے نمٹنے پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے۔
یاد رہے کہ بورس جانسن اور ان کے ساتھیوں کو ایک ویڈیو سامنے آنے پر سخت تنقید کا سامنا ہے جس میں ان کے ساتھیوں کو 2020 کے کرسمس لاک ڈاؤن کے دوران ڈاؤننگ اسٹریٹ پارٹی کے بارے میں ہنستے اور مذاق کرتے ہوئے دکھایا گیا ہےجبکہ اس وقت برطانیہ میں تقریبات پر مکمل پابندی تھی۔
دوسری جانب برطانوی ہیلتھ سیکیورٹی ایجنسی نے خبردار کیا ہے کہ اومی کرون پھیلنے کی شرح برقرار رہی تو رواں ماہ کے آخر تک10 لاکھ سے زائد شہری اس سے متاثر ہوسکتے ہیں۔
اس سے قبل برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن نے رواں ہفتے ہی بڑھتے اومی کرون کیسز کے باعث ملک میں پلان بی کے نفاذ کا اعلان کیا تھا۔ انہوں نے کہا تھا کہ برطانیہ میں اومی کرون کیسز رپورٹ ہونے والے کیسز سے کہیں زیادہ ہے اس لیے پرانی پابندیوں کو دوبارہ نافذ کیا جار ہا ہے۔
پابندیوں کا اعلان کرتے ہوئے انہوں نے ماسک کے استعمال کو لازمی قراردیا تھا۔ جبکہ نائٹ کلبز اور رش والی جگہوں پر جانے کے لیے کوویڈ پاس دکھانا لازمی ہو گا۔ ورکرز کےلیے گھر سے کام کرنے کی آپشن بھی دوبارہ سے لاگو کر دی گئی ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔