کراچی، لاک ڈاؤن کے پہلے ہی روز شہری پولیس سے تنگ آگئے

کراچی: شہر قائد میں کورونا لاک ڈاؤن پر عمل درآمد شروع کردیا گیا ہے۔ اس باعث کراچی کے عوام پہلے روز ہی شدید تنگ آگئے ہیں۔
کراچی کے مختلف مقامات پر پولیس نے ناکہ بندی کر رکھی ہے، جس کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ شارع فیصل، راشد منہاس روڈ، اسٹیڈیم روڈ سمیت کئی شاہراہوں پر ناکے لگے ہیں اور پولیس کی جانب سے چیکنگ کا عمل جاری ہے۔
ماسک، ڈبل سواری اور گاڑی میں دو افراد کی پابندی پر عمل درآمد کروایا جارہا ہے۔ گھروں سے باہر نکلنے والوں سے ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ بھی طلب کیا جارہا ہے۔ شہریوں کی جانب سے پابندی پر عمل درآمد کے سلسلے میں ملا جُلا رُجحان ہے۔


شہریوں کو لاک ڈاؤن پر عمل درآمد کی آڑ میں پولیس اور انتظامیہ نے تنگ کرنا بھی شروع کردیا۔ اندرونِ ملک سے آنے والی بسوں کو شہر میں داخل ہونے سے ہی روک دیا گیا اور کاٹھور کے مقام پر خالی کرالیا گیا، جہاں سے سہراب گوٹھ تک 30 کلومیٹر کا سفر شہری پیدل طے کرنے پر مجبور ہوگئے۔


ہزاروں مسافر اپنے بھاری سامان کے ہمراہ طویل فاصلہ پیدل طے کررہے ہیں، جس کی ویڈیو شہری نے سوشل میڈیا پر وائرل کردی۔ مسافروں میں بچے، خواتین، ضعیف اور بیمار بھی شامل ہیں جب کہ من پسند ٹرانسپورٹرز کو کراچی جانے کی اجازت دی جارہی ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔