لیونل میسی کی ٹیم نے رونالڈو کی سائیڈ کو مات دے دی

ریاض: سعودی عرب میں کھیلے گئے کلب مقابلے میں لیونل میسی کی ٹیم نے رونالڈو کی ٹیم کو مات دے دی۔
گزشتہ دنوں قطر میں کھیلے گئے فٹ بال ورلڈکپ کے بعد فٹ بال کے دونوں عظیم کھلاڑی کرسٹیانو رونالڈ اور لیونل میسی سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں کھیلے گئے کلب میچ میں ایک دوسرے کے مدمقابل آئے۔
بیرون ملک کے میڈیا کے مطابق سعودی دارالحکومت ریاض کے شاہ فہد اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں لیونل میسی کی قیادت میں پیرس سینٹ جرمین (پی ایس جی) نے کرسٹیانو رونالڈو کی قیادت میں سعودی آل اسٹارز ٹیم کو 4 کے مقابلے میں 5 گول سے شکست دے دی۔ نیویارک کے ٹائمز اسکوائر سے الریاض بلیوارڈ تک پی ایس جی اور سعودی ٹیم کا میچ براہ راست دکھایا گیا۔ لندن، قاہرہ اور کویت میں بھی میچ بڑی اسکرینوں پر دکھایا گیا۔
الریاض کے النصر کلب کے ساتھ معاہدے کے بعد پرتگال کے اسٹرائیکر رونالڈو کا یہ پہلا میچ تھا۔ لیونل میسی کی قیادت میں پیرس سینٹ جرمین کے مدمقابل سعودی آل اسٹار ٹیم النصر اور ہلال کلب کے کھلاڑیوں پر مشتمل تھی۔
میسی نے سعودی آل اسٹارز کے خلاف ابتدائی تین منٹ میں گول کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلائی۔ کرسٹیانو رونالڈو نے پیرس سینٹ جرمین کے گول کیپر کیلورنواس کے ساتھ ٹکر کے بعد پینالٹی حاصل کی اور پہلے ہاف کے آخر میں پینالٹی پر گول کر کے میچ برابر کردیا۔
پہلے ہاف کے اختتام سے قبل پی ایس جی کے مارکوئنہوس نے گول کرکے اسکور کو 2-1 کردیا۔ اس کے بعد رونالڈو نے اضافی وقت میں ایک بار پھر گول کرکے میچ برابر کردیا۔
دوسرے ہاف کے آغاز میں سرجیو راموس نے کیلیان ماپے کی مدد سے پی ایس جی کی طرف سے تیسرا گول کیا۔ اس کے چند منٹ ہی بعد ہی الہلال کے ‘جنگ ہیون سو’ نے ایک اور گول کرکے سعودی اسٹارز کے لیے برابری حاصل کرلی۔
ماپے نے پی ایس جی کی جانب 60 ویں منٹ میں چوتھا گول کردیا۔ 78ویں منٹ میں پی ایس جی کی ٹیم نے ایک اور گول کردیا اور اسکور 5-3 کردیا۔ اس کے بعد النصر کے تالیسکا نے 93 ویں منٹ گول کردیا اورپی ایس جی نے 4 کے مقابلے میں 5 گول سے فتح حاصل کی۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔