لیجنڈ اداکار طلعت حسین ذہنی مرض ڈیمنشیا میں مبتلا

کراچی: اداکار فیصل قریشی اور اُن کی اہلیہ ثنا فیصل نے پاکستان کے لیجنڈری سینئر اداکار طلعت حسین کے ذہنی مرض ڈیمنشیا میں مبتلا ہونے کی تصدیق کی ہے۔
فیصل قریشی نے اپنی اہلیہ ثنا فیصل کے ہمراہ حال ہی میں اداکار طلعت حسین کے گھر جاکر اُن سے ملاقات کی، جس کی ویڈیو بھی اُنہوں نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر پوسٹ کی۔
ویڈیو میں فیصل قریشی اپنی نئی فلم کے حوالے سے طلعت حسین کو بتارہے ہیں کہ وہ فلم کی شوٹنگ کے لیے بہت جلد لاہور جائیں گے اور اس فلم میں وہ ہیرو کا کردار ادا کریں گے۔
طلعت حسین اپنی اہلیہ سے مخاطب ہوتے ہوئے کہتے ہیں کہ فیصل قریشی بہت اچھے انسان ہیں اور سب ان کی نئی فلم کے لیے تیار ہوجائیں۔
فیصل قریشی نے ویڈیو پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ طلعت حسین کا پیار اور دعائیں ہمیشہ میرے ساتھ رہی ہیں، اللہ پاک ان کی یہ مسکراہٹ ہمیشہ ایسے ہی قائم رکھے، آمین۔
دوسری جانب فیصل قریشی کی اہلیہ ثنا فیصل نے بھی اپنے انسٹاگرام ہینڈل پر اداکار طلعت حسین سے ملاقات کی ویڈیو پوسٹ کی اور کہا کہ لیجںڈ طلعت حسین صاحب سے ملاقات کرنا اعزاز کی بات ہے۔
ثنا فیصل نے کہا کہ میں انہیں بچپن سے ہی ٹی وی پر دیکھتی آئی ہوں، یہ پاکستانی شوبز انڈسٹری کا ایک حقیقی چراغ ہیں، انہوں نے ہمیں بہترین ڈراموں اور فلموں سے لے کر حیرت انگیز تحریریں بھی دیں۔
اُنہوں نے اداکار طلعت حسین میں ڈیمنشیا کے مرض کی تصدیق کرتے ہوئے اُن کی جلد صحت یابی کے لیے دُعا بھی کی۔
خیال رہے کہ پچھلے دنوں اداکار طلعت حسین کی صاحبزادی تزئین حسین نے ایک نجی ٹی وی چینل کو انٹرویو میں بتایا تھا کہ ان کے والد طلعت حسین کو یادداشت کے کافی مسئلے درپیش ہیں، ان کے والد لوگوں کو یاد نہیں رکھ پارہے، یہاں تک کہ وہ لوگوں کے نام بھی بھول رہے ہیں۔
اُنہوں نے تمام مداحوں سے درخواست کی تھی کہ وہ ان کے والد کی صحت یابی کے لیے دعائیں کریں تاکہ وہ جلد از جلد ہشاش بشاش ہوجائیں اور اسکرین کے پردے پر نظر آسکیں۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔