مختلف شعبوں کے افراد کیلیے ویکسی نیشن کی آخری تاریخ 31 اگست مقرر

اسلام آباد: وفاقی وزیر اور سربراہ این سی او سی اسد عمر نے کہا ہے کہ ویکسین نہ لگوانے والوں کو دکانوں، دفاتر اور ہوٹلوں میں کام کرنے نہیں دیا جائے گا، ان کے لیے ویکسین لگوانے کی آخری تاریخ 31 اگست ہے، جس کے بعد ان پر پابندی عائد ہوگی۔
وفاقی وزیر اور نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے سربراہ اسد عمر نے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کے ساتھ پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ مختلف شعبوں کے لیے ویکسی نیشن کی آخری تاریخ 31 اگست رکھی گئی ہے، وہ تمام افراد جن سے دوسرے متاثر ہوسکتے ہیں، ان کے لیے ویکسین لگوانے کی آخری تاریخ 31 اگست ہے۔
اسد عمر نے بتایا کہ تمام تعلیمی اداروں کی ٹرانسپورٹ سے جڑے افراد، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار، سرکاری ملازمین، ہوٹلوں، دکانوں، مارکیٹوں اور شاپنگ مالز میں کام کرنے والوں نے اگر 31 اگست تک ویکسین نہ لگوائی تو انہیں کام کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ جو اساتذہ ویکسی نیٹڈ نہیں وہ یکم اگست سے اسکولوں میں نہیں پڑھاسکیں گے، یکم اگست سے صرف ویکسی نیٹڈ لوگ ہوائی جہاز پر سفر کرسکیں گے۔
اسد عمر کا کہنا تھا کہ کئی لوگ اب بھی کورونا کو سنجیدہ نہیں لے رہے، سندھ حکومت کورونا کا پھیلاؤ روکنے کے لیے ہر ممکن کوشش کررہی ہے، چاہتے ہیں کسی کا روزگار متاثر نہ ہو، ملکی معیشت چلتی رہے، ملک بند کرکے وبا کا مقابلہ نہیں کرسکتے، کورونا سے بچنے کا واحد حل صرف احتیاط ہے، سندھ اور بلوچستان میں ایس او پیز پر زیادہ عمل نہیں ہورہا۔
قبل ازیں معاون خصوصی ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا تھا کہ گزشتہ 24 گھنٹے میں کورونا کی شرح میں اضافہ ہوا، 24 گھنٹے میں تشویش ناک مریضوں کی تعداد 3 ہزار سے تجاوز کرگئی، کراچی میں وبا کے پھیلاؤ میں اضافہ نظر آرہا ہے، کیسز میں اضافے سے ہسپتالوں پر بھی دباؤ بڑھ گیا ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔