کراچی، خاتون ڈاکٹر کی خودکشی
کراچی: ڈیفنس کے علاقے گذری میں نوجوان خاتون ڈاکٹر نے گھر کے اندر گولی مار کر خودکشی کرلی۔
منگل کو رات گئے گذری تھانے کے قریب اسٹریٹ نمبر 11 کے قریب قائم بنگلے کے اندر فائرنگ کے پُراسرار واقعے میں 25 سالہ ڈاکٹر سیدہ ماہا علی دختر پیر سید علی شاہ زخمی ہوگئی، جسے فوری طور پر انتہائی تشویش ناک حالت میں جناح اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ چند گھنٹے میں دوران علاج چل بسی۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعہ گھریلو پریشانی کے باعث پیش آیا ہے۔ اس نے گھر کے واش روم میں اپنی جان لی۔
ایک سوال کے جواب میں پولیس حکام کا کہنا تھا کہ فوری طور پر پستول کے بارے میں معلوم نہیں ہوسکا کہ وہ لائسنس یافتہ تھا یا نہیں اور وہ کس کی ملکیت ہے۔
پولیس واقعے کی مزید تحقیقات کررہی ہے۔ ماہا علی کلفٹن میں بلاول ہائوس کے قریب قائم ایک نجی اسپتال میں بطور ڈاکٹر اپنے فرائض سرانجام دے رہی تھیں۔