بچوں میں نیند کی کمی لڑکپن میں مسائل کی وجہ بن سکتی ہے

برمنگھم: نئی تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ وہ بچے جو دیگر اطفال کے مقابلے میں معمول کی نیند کم لیتے ہیں، ان کے ابتدائی لڑکپن میں سائیکوسس میں مبتلا ہونے کے خدشات بڑھ جاتے ہیں۔
سائیکوسس ایک ایسی ذہنی کیفیت ہوتی ہے جس میں انسان کا حقیقت سے تعلق ٹوٹ جاتا ہے اور حقیقت کو پہچاننے میں مشکل ہوتی ہے اور بعض اوقات ایسی چیزیں دِکھائی اور سنائی دیتی ہیں جو عام انسان کے مشاہدے میں نہیں ہوتیں۔
یونیورسٹی آف برمنگھم سے تعلق رکھنے والے محققین نے 6 ماہ سے 7 سال کے درمیان بچوں کے نیند کے دورانیے کے ڈیٹا کا مطالعہ کیا۔
تحقیق میں معلوم ہوا کہ وہ بچے جو مستقل بنیادوں پر چند گھنٹوں کی نیند لیتے ہیں، ان میں بھرپور نیند لینے والوں کے مقابلے میں ابتدائی لڑکپن میں سائیکوٹک مسائل میں مبتلا ہونے کے خدشات دُگنے ہوتے ہیں جب کہ سائیکوٹک دورے پڑنے کے اندیشے قریباً چار گُنا زیادہ ہوتے ہیں۔
تحقیق کی سربراہ مصنفہ ڈاکٹر ازابیل مریلز-مونوز کا کہنا تھا کہ بچپن میں نیند کے مسائل سے گزرنا ایک عام سی بات ہے، لیکن یہ بات جاننا اہم ہے کہ کب بچے کو مدد کی ضرورت ہوسکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بعض اوقات نیند کے سبب مستقل اور دائمی مسائل ہوسکتے ہیں اور یہ وہ چیز ہے جہاں لڑکپن میں نفسیاتی بیماری سے تعلق دیکھا جاسکتا ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔