کراچی ٹیسٹ: پاکستان 304 رنز پر آل آؤٹ، انگلینڈ کے ایک وکٹ پر 7 رنز

کراچی: پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تیسرے ٹیسٹ کے پہلے روز میزبان ٹیم پہلی اننگز میں 304 رنزبناکر آؤٹ ہوگئی۔ مہمان انگلینڈ نے کھیل ختم ہونے تک اپنی پہلی اننگز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 7 رنز بنالیے۔
پاکستان کی جانب سے عبداللہ شفیق اور شان مسعود نے اننگز کا آغاز کیا، تاہم عبداللہ شفیق 8 رنز بناکر لیچ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے جب کہ 46 کے مجموعے پر شان مسعود بھی 30 رنز بناکر مارک ووڈ کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔
کھانے کے وقفے سے قبل آخری اوور میں اظہرعلی اولی رابنسن کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ ہوگئے، انہوں نے 45 رنز کی اننگز کھیلی۔
سعود شکیل 23 رنز بناکر ریحان احمد کا شکار بنے جب کہ محمد رضوان 19 رنز بناکر جو روٹ کی فل ٹاس گیند پر بین اسٹوکس کو کیچ دے بیٹھے، بابراعظم 78 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے جب کہ فہیم اشرف 4 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔
آغا سلمان اور نعمان علی نے انگلش بولرز کے سامنے مزاحمت کی کوشش کی، لیکن 20 رنز بناکر نعمان علی بین اسٹوکس کا شکار بنے۔
نعمان کے بعد آغا سلمان بھی 56 اور ابرار 4 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے اور یوں قومی ٹیم پہلی اننگز میں 304 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
انگلش بولرز کی جانب سے جیک لیچ نے 4، ریحان احمد نے 2 جب کہ رابنسن، مارک ووڈ اور روٹ نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
قبل ازیں نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جارہے میچ میں پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
کراچی ٹیسٹ میں محمد وسیم جونیئر نے ڈیبیو کیا، اس کے علاوہ اظہر علی، نعمان علی اور شان مسعود کو بھی پلیننگ الیون کا حصہ بنایا گیا۔

انگلستان کی جانب سے ریحان احمد نے ٹیسٹ ڈیبیو کیا، جن کا آبائی تعلق میرپورآزاد کشمیر سے ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔