کراچی: پی پی کا 51 نشستوں کیساتھ پلڑا بھاری، پی ٹی آئی کی 21 سیٹیں
کراچی: کراچی کے بلدیاتی انتخابات کے نتائج کے مطابق پیپلز پارٹی کو 51 نشستوں کے ساتھ برتری حاصل ہے، الیکشن کمیشن نے کراچی میں اب تک کے نتائج پر مبنی پارٹی پوزیشن جاری کردی۔
الیکشن کمیشن کے مطابق شہر کی 95 یونین کمیٹیز کے نتائج میں پیپلزپارٹی چیئرمین اور وائس چیئرمین کی 51 نشستیں لے کر سب سے آگے ہے جب کہ پی ٹی آئی 21 نشستوں کے ساتھ دوسرے اور جماعت اسلامی 19 نشستوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔
الیکشن کمیشن کےمطابق جے یو آئی، تحریک لبیک اور آزاد امیدواروں نے ایک ایک نشست جیت لی ہے۔
الیکشن کمیشن کا بتانا ہے کہ شہر کی 140 نشستوں پر چیئرمین اور وائس چئیرمین کے نتائج آنا ابھی باقی ہیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق شہر کی 246 میں سے 235 یونین کمیٹیز میں انتخابات ہوئے جب کہ 11 نشستوں پر امیدواروں کے انتقال کی وجہ سے انتخابات ملتوی ہوئے۔
کراچی کے ضلع جنوبی کے چیئرمین کا نتیجہ مکمل ہوگیا جس میں 26 میں سے 15 یونین کمیٹیز پر پیپلز پارٹی اور 9 پر تحریک انصاف کامیاب ہوئی ہے، ضلع جنوبی میں ایک نشست پر تحریک لبیک کا پینل منتخب ہوا اور ایک نشست پر انتخاب ملتوی ہوگیا۔
لیاری کی 13 میں سے 11 نشستیں پی پی کے نام، پی ٹی آئی ایک پر کامیاب
لیاری ٹاؤن کی 13 میں سے 12 نشستوں کے نتائج سامنے آچکے ہیں جن میں سے 11 نشستیں پیپلز پارٹی نے جیت لی ہیں اور پی ٹی آئی ایک نشست پر کامیاب ہوسکی ہے۔
صدر ٹاؤن کی تمام 13 نشستوں کے نتائج سامنے آ چکے ہیں جن میں پی ٹی آئی اب تک 8 نشستیں حاصل کرچکی ہے جب کہ پیپلز پارٹی نے صدر ٹاؤن کی 4 نشستیں حاصل کی ہیں، صدر ٹاؤن کی ایک نشست تحریک لبیک نے حاصل کی ہے۔
ملیر ٹاؤن کی 10 میں سے 5 نشستوں کے نتائج آچکے، ان میں سے چار پیپلز پارٹی نے اور ایک پی ٹی آئی نے جیتی ہے، گلبرگ ٹاؤن کی 8 نشستوں میں سے 3 کے نتائج سامنے آئے ہیں اور یہ تینوں نشستیں جماعت اسلامی نے جیت لی ہیں۔