کراچی: ملک ریٹیلرز کا دودھ 170 روپے لیٹر فروخت کرنے کا اعلان
کراچی: شہر قائد میں ملک ریٹیلرز آج سے دودھ 170 روپے لیٹر فروخت کرنے کا اعلان کردیا۔
ملک ریٹیلرز ایسوسی ایشن کے رہنما خلیل احمد نے کہا کہ شہر بھر میں دودھ کے ریٹ آج سے 170 روپے لیٹر ہوجائیں گے، نوٹیفکیشن میں تاخیر کے سبب کل سپلائی پر اطلاق نہیں ہوا۔
خلیل احمد نے کہا کہ کچھ ریٹیلرز نے آج سے ریٹ 170 روپے لیٹر نہ کیا تو ایسوسی ایشن خود شکایت کرے گی۔
ملک ریٹیلرز کے رہنما خلیل احمد نے مزید کہا کہ دودھ پر لاگت زیادہ ہے اس لیے دو سے تین ہفتوں کے بعد قیمتوں پر دوبارہ غور ہوگا۔
واضح رہے کہ پچھلے چند دنوں سے کراچی میں شیر فروشوں نے ازخود قیمت میں من مانا اضافہ کرتے ہوئے دودھ 200 روپے فی لیٹر فروخت کرنا شروع کردیا تھا، جس پر عوام کی جانب سے سخت ردعمل دیکھنے میں آیا تھا جب کہ شہری انتظامیہ نے کراچی کے مختلف علاقوں میں دودھ کی دُکانوں کے خلاف کارروائیاں کیں، اُنہیں سیل کیا گیا اور جرمانے بھی عائد کیے گئے۔