کراچی میں گرد و غبار کے طوفان کا دوسرا روز، معمولات زندگی متاثر

کراچی: شہر قائد مسلسل دوسرے روز بھی گرد و غبار کے طوفان کی لپیٹ میں ہے اور شہر میں تیز گرد آلود ہوائیں چلنے سے معمولات زندگی متاثر ہے۔
شہر قائد میں آج بھی تیز ہواؤں اور گرد آلود فضا کے باعث نظام درہم برہم ہو کر رہ گیا ہے، فضائی آلودگی کے باعث شہریوں کے معمولات زندگی متاثر ہیں جب کہ عوام کو سانس لینے میں تکلیف کا بھی سامنا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں گرد آلود ہواؤں کے باعث حد نگاہ بھی متاثر ہوئی ہے اور ایئرپورٹ کے قریب حدنگاہ 500 میٹر ریکارڈ کی گئی ہے۔
محکمۂ موسمیات کے حکام کا کہنا ہے کہ کراچی میں اس وقت 35 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے گرد آلود تیز ہوائیں چل رہی ہیں اور شہر کا درجہ حرارت 20 ڈگری سینٹی گریڈ ہے۔
ایئر کوالٹی انڈیکس کے مطابق فضائی آلودگی کے اعتبار سے کراچی آج دنیا میں تیسرے اور پاکستان میں پہلے نمبر پر ہے اور شہر کی فضا میں پرٹیکیولیٹ میٹرز کی تعداد 224 ریکارڈ کی گئی ہے۔
گزشتہ روز شہر میں طوفانی ہواؤں کے جھکڑ چلنے کے باعث دیواریں گرنے اور مختلف حادثات میں پانچ افراد جاں بحق ہوئے تھے۔
ادھر محکمۂ موسمیات نے طوفانی ہواؤں کے باعث آج سے شہر کا درجہ حرارت سنگل ڈیجٹ میں جانے کی پیش گوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ 27 جنوری تک شہر میں سردی کی شدت برقرار رہے گی۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔