کراچی، نالے میں گیس دھماکے سے 3 افراد زخمی

کراچی: شہر قائد میں محمود آباد گیٹ کے قریب نالے میں گیس بھرنے سے دھماکے کا واقعہ پیش آیا ہے، جس میں 3 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
جمعہ کی صبح ہونے والے اس واقعے میں زخمی ہونے والوں کو جناح اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں ان کی حالت تشویش ناک بتائی گئی۔ زخمیوں کی شناخت 17 سالہ بلال، 20 سالہ دلاور اور 11 سالہ جون کے نام سے ہوئی ہے۔
جمشید کوارٹر کے ایس ایس پی فاروق بجارانی نے میڈیا کو بتایا کہ دھماکا نالے میں گیس بھرنے کی وجہ سے ہوا۔
دھماکے سے متعلق ایڈمنسٹریٹر بلدیہ شرقی رحمت اللہ شیخ نے کہا کہ نالوں کی صورت حال بہتر بنانے کے لیے بلدیہ شرقی اپنا ہر ممکن کردار ادا کررہی ہے، دائرہ اختیار کے تحت اپنی ذمے داری پوری کرنے کے لیے کردار ادا کررہے ہیں، محمود آباد میں ہونے والا دھماکا افسوس ناک ہے، جو بلدیہ شرقی کی غفلت نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس قسم کے واقعات کی روک تھام کے لیے شہریوں کو بھی اپنا کردار ادا کرنا ہوگا اور نالوں کو صرف نالے کے طور پر استعمال ہونا چاہیے، نالے صاف بھی کیے گئے ہیں اور ان کی تعمیر میں تکنیکی لحاظ سے بھی خیال رکھا گیا ہے اور آئندہ بھی اس بات کا خیال رکھا جائے گا۔
واضح رہے ہفتہ 18 دسمبر کو شیرشاہ پراچہ چوک میں نالے پر قائم عمارت گیس دھماکے میں گرنے سے 18 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے تھے، یہ عمارت سائٹ لمیٹڈ کی جانب سے تعمیر کی گئی تھی اور یہاں بینک سمیت کئی دکانیں قائم تھیں۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔