کراچی: گلشن اقبال کے کوچنگ سینٹر میں فائرنگ، اسٹوڈنٹ جاں بحق
کراچی: شہر قائد کے علاقے گلشن اقبال بلاک 13 ڈی کے ایک کوچنگ سینٹر میں فائرنگ کا واقعہ رونما ہوا ہے، جس میں ایک طالب علم کے جاں بحق اور ایک کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
نجی ٹی وی کے مطابق پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز کوچنگ سینٹر میں کسی معاملے پر کچھ طلبہ کے درمیان جھگڑا ہوگیا تھا، جس پر انتظامیہ نے صلح کرادی تھی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ آج ایک نوجوان اپنے ہمراہ لڑکوں کو لایا اور فائرنگ کردی، طالب علم کو اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ دوران علاج دم توڑ گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ نوجوان کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے سول اسپتال منتقل کردی گئی ہے، گزشتہ روز 2 طالب علموں کے درمیان جھگڑا ہوا تھا اور صلح بھی ہوگئی تھی، لیکن آج ساتھی طالب علم کلاشنکوف لے کر آیا اور فائرنگ کرکے فرار ہو گیا، ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزم بوری میں کلاشنکوف رکھ کر کوچنگ سینٹر لایا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے واقعےمیں ایک بچہ بھی زخمی ہوا، چھاپے مار رہے ہیں، ملزم کو جلد گرفتار کر لیں گے، زخمی اور جاں بحق طالب علم آٹھویں اورنویں جماعت کے طالب علم ہیں، ملزم کی شناخت لقمان کے نام سے ہوئی ہے۔
واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔