کل بھوشن یادیو کا اپنی سزا کے خلاف اپیل دائر کرنے سے انکار!

اسلام آباد: بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو نے اپنی سزا کے خلاف اپیل دائر کرنے سے انکار کردیا ہے۔
ایڈیشنل اٹارنی جنرل احمد عرفان اور ڈی جی جنوبی ایشیا و سارک زاہد حفیظ نے مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ بھارتی جاسوس یادیو کو دوبارہ قونصلر تک رسائی کی پیشکش کی ہے، امید ہے بھارت پاکستان کی پیشکش کا مثبت جواب دے گا، بھارتی حکومت نے اپنا وکیل پیش کرنے کی درخواست کی ہے جس کو رد کردیا ہے، صرف پاکستانی ہائی کورٹ کے لائسنس یافتہ وکلاء پیش ہوسکیں گے، کلبھوشن یادیو یا اس کا وکیل رحم کی اپیل دائر کرسکتا ہے۔
ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ پاکستان نے عالمی عدالت انصاف کے فیصلے پر من و عن عمل درآمد کیا، پاکستان نے بھارتی جاسوس کلبھوشن کی بھارتی ہائی کمیشن اور اس کے اہل خانہ سے ملاقات کرائی، پاکستان نے کلبھوشن یادیو کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں سزا کے خلاف اپیل کا موقع دیا تاہم کلبھوشن یادیو نے عدالت میں سزا کے خلاف اپیل دائر کرنے سے انکار کردیا۔
ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ بھارت پاکستان میں ریاستی دہشت گردی میں ملوث ہے، پاکستان نے عالمی دنیا کو بھارتی ریاستی دہشت گردی کے ثبوت پیش کیے، پاکستان مسلسل بھارتی خفیہ ایجنسی را کی کارروائیوں کے بارے میں دنیا کو مطلع کررہا ہے، پاکستان عالمی عدالت انصاف کے فیصلے پر عمل درآمد کے لیے تیار ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔