کل سے چھٹی تا آٹھویں جماعتوں میں تدریس کا آغاز ہوگا!

اسلام آباد: نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے ملک بھر میں چھٹی سے آٹھویں تک اسکول کھولنے کی اجازت دے دی۔
این سی او سی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کل سے چھٹی سے آٹھویں تک کی کلاسز کا باقاعدہ آغاز ہوگا۔
این سی او سی کے اجلاس کے بعد وزیر تعلیم خیبر پختونخوا شہرام ترکئی نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں بتایا کہ آج این سی او سی کے اجلاس میں شرکت کے بعد ہم نے کل سے خیبر پختونخوا کے اسکول کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔
شہرام ترکئی نے بتایا کہ کل سے دوسرے مرحلے میں خیبر پختونخوا کے چھٹی سے آٹھویں جماعت تک کے تمام اسکولز کھول دیے جائیں گے۔
صوبائی وزیر تعلیم کا یہ بھی کہنا تھا کہ بچوں کا مزید قیتمی وقت ضائع نہیں کرسکتے، اگر حالات بہتر ہوئے تو پرائمری اسکول بھی جلد کھول دیے جائیں گے۔
وزیر تعلیم پنجاب ڈاکٹر مراد راس نے بھی اپنے بیان میں کل سے چھٹی تا آٹھویں جماعت تک اسکولوں کو کھولنے کا اعلان کیا۔
خیال رہے کہ این سی او سی نے نویں، دسویں اور بڑی جماعتوں کو 15 ستمبر سے جب کہ چھٹی سے آٹھویں جماعت تک کے اسکولوں کو 22 ستمبر سے کھولنے کا فیصلہ کیا تھا۔
تاہم حکومت سندھ نے کورونا کیسز بڑھنے کے پیش نظر دوسرے مرحلے کے تحت 22 ستمبر سے چھٹی تا آٹھویں جماعت تک اسکولوں کو کھولنے کا فیصلہ مؤخر کردیا تھا۔
حکومت سندھ کے اعلان کے بعد وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کا کہنا تھا کہ تعلیمی اداروں کو بند کرنے سے متعلق جلدبازی کا کوئی بھی فیصلہ تعلیم کو تباہ کرے گا، این سی او سی کے اجلاس میں تعلیمی اداروں سے متعلق حتمی فیصلہ کریں گے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔