کے الیکٹرک کے خلاف نیپرا کی عوامی سماعت، تاجر برادری کی بڑی پیشکش!
کراچی: کے الیکٹرک کے خلاف نیپرا کی عوامی سماعت کے موقع پر شور شرابا ہوا اور بدنظمی پیدا ہوگئی۔
کراچی میں کے الیکٹرک کے خلاف نیپرا کی عوامی سماعت ہوئی جس میں چیئرمین نیپرا توصیف ایچ فاروقی اور کراچی چیمبر کے سابق صدر سراج قاسم تیلی میں تلخی ہوگئی۔
سراج قاسم تیلی نے کہا کہ اگر کے الیکٹرک کی اجارہ داری ختم کی جائے تو کراچی کی تاجر برادری بجلی کی نئی ڈسٹری بیوشن کمپنی بنانے کو تیار ہے۔
چیئرمین نیپرا نے انہیں ٹوکتے ہوئے کہا کہ کہیں ایسا نہ ہو کہ کے الیکٹرک کا لائسنس بھی تبدیل ہوجائے اور نئی کمپنی بھی سامنے نہ آئے۔ اس معاملے پر سراج قاسم تیلی اور چیئرمین نیپرا میں تلخی ہوئی۔
جاوید بلوانی نے چیئرمین نیپرا سے کہا کہ آپ ان اسٹیک ہولڈرز کو نہیں سنیں گے تو نیپرا یہاں کیوں آیا ہے۔ چیئرمین نیپرا نے سخت لہجے میں کہا کہ جو منظم انداز میں بات نہیں کرے گا، اسے ہال سے باہر نکال دیں جس پر عوام نے شور شرابا مچایا۔
عوامی سماعت بدنظمی کا شکار ہوگئی اور ہال میں کے الیکٹرک کے خلاف اور انصاف کی فراہمی کے لیے شدید نعرے بازی کی گئی۔ نیپرا نے سماعت کچھ دیر کے لیے ملتوی کردی۔
سماعت دوبارہ شروع ہوئی تو کے الیکٹرک کے چیف فنانشل آفیسر عامر غازیانی نے کہا کہ نیپرا ایکٹ میں جو ترمیم کی گئی ہے اس کے تحت ہمیں 2023 تک کام کرنے کی اجازت ہے، ہم بھی چاہتے ہیں کے الیکٹرک کے علاوہ دیگر کمپنیاں بھی بجلی کی ترسیل میں آئیں، لیکن نئی آنے والی کمپنیوں کو بھی یہ طے کرنا ہوگا کہ سستی بجلی کی ترسیل کیسے کرنی ہے۔
کے الیکٹرک کے چیف ایگزیکٹو مونس عبداللہ علوی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ کے الیکٹرک نے اپنے معاہدے سے زیادہ سرمایہ کاری کی ہے اور 16 فیصد نقصانات میں کمی کی ہے، کے الیکٹرک کے نظام میں مستقل بہتری جاری ہے۔
امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے نیپرا سماعت میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کے الیکٹرک بارش کا پہلا قطرہ پڑتا ہے اور بجلی بند کردیتے ہیں، ہوا میں نمی کا تناسب بڑھتا ہے اور لوڈشیڈنگ بڑھ جاتی ہے، سردیوں میں بھی لوڈشیڈنگ کی جاتی ہے کہ ہمیں گیس نہیں مل رہی، جب آپ کراچی کے لیے کام کررہے ہیں تو اسی حساب سے انتظام کرنا چاہیے، یہ لوگ بجلی کی طلب و رسد نہیں بتاتے، جو یہ بتاتے ہیں ہم مان لیتے ہیں، یہ سرمایہ کاری کی بات کرتے ہیں، ان کو ان کی مرضی کے ٹیرف ملتے رہتے ہیں اور اربوں روپے سبسڈی ملتی رہتی ہے، بن قاسم کے یونٹس کئی برسوں سے کوئلے پر شفٹ کررہے ہیں۔
رہنما ایم کیو ایم خواجہ اظہار نے کہا کہ کے الیکٹرک کے پاس کوئی نظام نہیں، ان کے پاس ایسا نظام نہیں جس سے یہ پتا چل سکے فالٹ کیا ہے، ان کے عملے کو کئی گھنٹے تو فالٹ کی تلاش میں لگ جاتے ہیں، کورونا میں سب کچھ بند تھا، اُس وقت بھی لوڈشیڈنگ جاری تھی، یہ ہمارا کون سا کنزیومر رائٹ ہے جس میں بجلی زیادہ استعمال کرنے پر مہنگی ہوجاتی ہے، پیک آوور کا فیکٹر بھی ہم پر مسلط کردیا گیا، غریب لوگ کورونا کے مشکل حالات میں بغیر بجلی کے کیسے ایس او پیز پر عمل کریں۔