کانز ایوارڈ جیتنے والی فلم جوائے لینڈ کو پاکستان میں ریلیز کرنے کا اعلان

کراچی: معروف مصنف، ہدایت کاراور اداکار صائم صادق نے اپنی کانز ایوارڈ جیتنے والی مختصر فلم ‘جوائے لینڈ’ کو پاکستان میں بھی ریلیز کرنے کا اعلان کردیا۔
امسال مئی میں صائم صادق کی فلم جوائے لینڈ کو فرانس میں ہونے والے کانز فلم فیسٹیول میں پیش کیا گیا تھا اور اسے کانز کے اعلیٰ ترین ایوارڈ سے بھی نوازا گیا تھا۔
جوائے لینڈ کو ‘کانز: کوئیر پام’ ایوارڈ عطا کیا گیا تھا جو خصوصی طور پر ہم جنس پرست یا پھر مخنث افراد کی کہانیوں پر مبنی فلموں کو دیا جاتا ہے۔ جوائے لینڈ پہلی پاکستانی فلم تھی، جس نے ‘کوئیر پام’ ایوارڈ جیتا۔
جوائے لینڈ کی کہانی ایسے نوجوان اور مخنث ڈانسر کے گرد گھومتی ہے جو ڈانس کلب میں کام کرنے کے دوران ایک دوسرے کی محبت میں گرفتار ہوجاتے ہیں۔
فلم کو کہانی کے اچھوتے موضوع کی وجہ سے کافی سراہا گیا اور پاکستان جیسے معاشرے میں معیوب سمجھے جانے والے موضوع پر فلم بنانے کی وجہ سے ہی اس کی ٹیم کو اعلیٰ ترین عالمی ایوارڈ عطا کیا گیا تھا۔
مذکورہ فلم کو دوسرے عالمی فلم فیسٹیولز میں بھی پیش کیا گیا تھا اور اب اس کے ہدایت کار نے اسے ملک میں بھی ریلیز کرنے کا اعلان کردیا۔
صائم صادق نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ وہ جلد ہی فلم کو ملک میں بھی ریلیز کریں گے، ارادہ ہے کہ رواں برس موسم سرما میں جوائے لینڈ کو پاکستان میں ریلیز کیا جائے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔