کانز فلم فیسٹیول، پاکستانی فلم ’جوائے لینڈ‘ کی نمائش

فرانس: دنیا کے سب سے بڑے فلمی میلے ’’کانز فلم فیسٹیول‘‘ میں پاکستانی فلم ’جوائے لینڈ‘ جگہ بنانے میں کامیاب ہوگئی۔
ہدایت کار و لکھاری صائم صادق کی مختصر فلم ’جوائے لینڈ‘ کا ورلڈ پریمیئر گزشتہ رات کانز فلم فیسٹیول میں کیا گیا جہاں فلم کی کاسٹ ریڈ کارپٹ پر جلوہ گر ہوئی۔
جوائے لینڈ کی کہانی ایک خواجہ سرا کی زندگی کے گرد گھومتی ہے، پروڈیوسر سرمد کھوسٹ اور اپوروا چرن کی اس فلم میں ثروت گیلانی، ثانیہ سعید، علی جونیجو، علینہ خان، اورسفینہ جعفری نے بہترین اداکاری کا مظاہرہ کیا۔
کانز فلم فیسٹیول میں پریمیئر ہونے والی پاکستانی فلم کی کاسٹ کی تصویر فیسٹیول کے آفیشل انسٹا گرام ہینڈل پربھی شیئرکی گئی جب کہ اداکارہ ثروت گیلانی نے بھی کانز کے ریڈ کارپٹ سے اپنی تصویر شیئر کی۔
اداکارہ ثروت گیلانی نے اس تصویر کے کیپشن میں لکھا کہ ’’پرچم یادگار ہے۔ یہ میری، میری سرزمین، میری جدوجہد اور میری ثقافت کی نمائندگی کرتا ہے۔ بحیثیت فنکار میں جو ہوں اس کا مجسمہ ہوں اوراس کی نمائندگی کرنا ایک خواب پورا ہونے کے مترادف ہے۔
یہ ان تمام لوگوں کے لیے ہے جو مجھ پر یقین رکھتے ہیں، ان لوگوں کے لیے جنہوں نے میرا ساتھ دیا اور میرے شاندار لوگوں کی سرزمین کے لیے‘‘۔
اس سے قبل اداکارہ ثانیہ سعید نے بھی اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر فلم کے پریمیئر سے ایک دن قبل فلم کی دیگر کاسٹ کے ہمراہ تصویر شیئر کی تھی۔
یاد رہے کہ 17 مئی سے شروع ہونے والا ’’کانز فلم فیسٹیول‘‘ 28 مئی تک جاری رہے گا جس میں دنیا بھر کی فلم انڈسٹریز کے اداکار، ہدایت کار اور پروڈیوسرز شرکت کررہے ہیں۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔