جوہانسبرگ کے میئر شہری کو بچاتے ہوئے حادثے میں چل بسے
جوہانسبرگ: جنوبی افریقی شہر جوہانسبرگ کے میئر جولیدے ماتونگو نئے ووٹرز کی اندراجی مہم سے واپسی پر شہری کو بچاتے ہوئے کار حادثے میں چل بسے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق ایک ماہ قبل ہی جوہانسبرگ کے میئر منتخب ہونے والے جولیدے ماتونگو سویٹو کے علاقے میں ووٹر رجسٹریشن مہم کے سلسلے میں دورے سے واپسی پر کار حادثے کا شکار ہوگئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ میئر اپنی کار میں مرکزی شاہراہ سے واپس آرہے تھے کہ اچانک ایک راہ گیر سڑک عبور کرنے کی کوشش میں سامنے آگیا، جسے بچانے کی کوشش میں کار سامنے سے آنے والی تیز رفتار وین سے ٹکرا گئی۔
حادثہ اتنا شدید تھا کہ کار کا اگلا حصہ مکمل تباہ ہوگیا اور میئر جولیدے موتانگو موقع پر ہی چل بسے۔ 46 سالہ میئر نے سابق میئر کی کورونا سے ہلاکت کے بعد ایک ماہ قبل ہی عہدہ سنبھالا تھا۔