جناح ہاؤس حملہ: جے آئی ٹی میں چیئرمین پی ٹی آئی سمیت 5 ملزمان طلب

لاہور: جے آئی ٹی نے جناح ہاؤس لاہور حملہ کیس میں پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان سمیت 5 ملزمان کو طلب کرلیا۔
سمن کے متن کے مطابق کور کمانڈر ہاؤس حملہ کیس میں ملزمان چیئرمین پی ٹی آئی، بشریٰ بی بی، حماد اظہر، حسان نیازی اور مراد سعید کوبلایا گیا۔
سمن میں کہا گیا کہ ملزمان تھانہ سرور روڈ میں درج مقدمے کی تفتیش میں پیش ہوں، مقدمہ 10 مئی کو قتل، اقدام قتل، توڑپھوڑ، جلاؤ گھیراؤ اور دہشت گردی دفعات کے تحت درج ہوا۔
سمن میں ہدایت کی گئی ہے کہ ایس پی سول لائنز اور ماڈل ٹاؤن چیئرمین پی ٹی آئی سمیت 5 ملزمان کی حاضری یقینی بنائیں۔
سمن میں کہا گیا کہ ملزمان کو آج شام 7 بجے ڈی آئی جی انویسٹی گیشن آفس میں جے آئی ٹی کے سامنے پیش کیا جائے۔
دھیان رہے کہ گزشتہ روز لاہور کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے ہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ ماہ چیئرمین عمران خان کی گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی کارکنوں نے ملک کے مختلف شہروں میں احتجاج اور جلاؤ گھیراؤ کیا تھا۔
پی ٹی آئی کارکنوں نے جناح ہاؤس لاہور سمیت فوجی تنصیبات، تاریخی عمارتوں، سرکاری املاک اور گاڑیوں کو آگ لگادی تھی اور پاک فوج نے 9 مئی کو یوم سیاہ قرار دیا تھا۔

 

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔