سندھ حکومت کا عذیر بلوچ، بلدیہ ٹاؤن، نثار مورائی جے آئی ٹیز پبلک کرنے کا اعلان!

کراچی: سندھ حکومت نے عزیر بلوچ، بلدیہ ٹاؤن اور نثار مورائی یعنی تینوں جے آئی ٹیز پبلک کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ عزیر بلوچ کی جے آئی ٹی میں آصف زرداری اور فریال تالپور کا ذکر نہیں ہے۔
سندھ حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب کا پریس کانفرنس میں کہنا تھا کہ تینوں جے آئی ٹیز رپورٹس سندھ حکومت پبلک کرنے جارہی ہے۔ انہیں پیر کے روز ہوم ڈیپارٹمنٹ کی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کردیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ عزیر بلوچ، نثار مورائی، بلدیہ ٹاؤن کی جے آئی ٹیز کے حوالے سے وفاقی وزیر علی زیدی بہت دنوں سے پریس کانفرنسز کررہے ہیں۔ انہوں نے سیاسی پوائنٹ اسکورننگ کے لیے جو واویلا مچایا اس کا رپورٹ سے کوئی لینا دینا نہیں۔ انہوں نے ایوان میں جھوٹ بولا، انہیں استعفیٰ دینا چاہیے۔ ہم صرف ریکارڈ کی درستی کے لیے جے آئی ٹیز پبلک کررہے ہیں، نہیں چاہتے کہ اس میں ملوث افراد چوکنا ہوجائیں۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ علی زیدی نے پیپلز پارٹی قیادت پر الزامات لگائے اور پی آئی اے پر بھی بات کی۔ انہیں کھلا چیلنج کرتا ہوں کہ جے آئی ٹی رپورٹ میں کہیں آصف علی زرداری کا نام دکھائیں۔ پی ٹی آئی اخلاقیات کی بات کرتی تھی، اس آدمی میں اتنی اخلاقی جرأت ہونی چاہیے کہ استعفیٰ دے کر گھر چلا جائے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔