سرمایہ کاروں کو بڑا دھچکا، ایک ہفتے میں 399 ارب ڈوب گئے!

کراچی: پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں گزشتہ کاروباری ہفتے کے دوران مندی کے باعث سرمایہ کاروں کے 3 کھرب 99 ارب 49 کروڑ 50 لاکھ 58 ہزار 820 روپے ڈوب گئے۔
نجی ٹی وی کے مطابق اقتصادی افق پر مثبت اشاریوں کے باوجود پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں گزشتہ ہفتے کاروباری سرگرمیاں بدترین مندی کی لپیٹ میں رہیں۔ گزشتہ ہفتے سینیٹ الیکشن، سیاسی عدم استحکام اور افراط زر کی بڑھتی ہوئی شرح مارکیٹ پر اثرانداز رہیں جب کہ کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز سے مستقبل میں کاروبار اور برآمدات متاثر ہونے کے خدشات نے بھی مایوسی پیدا کی۔
ہفتہ وار کاروبار میں مندی کے سبب انڈیکس کی 45ہزار، 44ہزار اور 43 ہزار پوائنٹس کی سطحیں بھی گرگئیں۔ سیاسی افق پر بے یقینی کی کیفیت کی وجہ سے سرمایہ کاروں نے محتاط طرز عمل اختیار کیا۔ ہفتہ وار کاروبار میں 4 سیشنز میں مندی اور ایک میں تیزی رہی۔ مندی کے باعث سرمایہ کاروں کے 3 کھرب 99 ارب 49 کروڑ 50 لاکھ 58 ہزار 820 روپے ڈوب گئے، جس سے مارکیٹ کا مجموعی سرمایہ بھی گھٹ کر 77کھرب 92ارب 54کروڑ 85 لاکھ 19 ہزار 849روپے ہوگیا۔
ہفتہ وار کاروبار میں 100 انڈیکس2049.27 پوائنٹس گھٹ کر43788.08 پوائنٹس پربند ہوا جب کہ کے ایس ای 30انڈیکس1024.46 پوائنٹس گھٹ کر18149.37 پوائنٹس پربند ہوا۔ کے ایم آئی 30انڈیکس 3888.26 پوائنٹس گھٹ کر72524.63 پوائنٹس پربند ہوا اور کے ایم آئی پی ایس ایکس انڈیکس1151.17 پوائنٹس گھٹ کر21677.36 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔