سول ڈرون اتھارٹی کا قیام، وزیراعظم نے منظوری دے دی!

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے سول ڈرون اتھارٹی کے قیام کی منظوری دے دی اور کابینہ کی منظوری کے بعد بل کو پارلیمنٹ میں پیش کرنے کی ہدایت کردی۔
وزیراعظم عمران خان نے سول ڈرون اتھارٹی کے قیام کی منظوری دیتے ہوئے کہا، ڈرون ٹیکنالوجی کمرشل، ایگریکلچر اور پُرامن مقاصد میں لانا وقت کی ضرورت ہے، اتھارٹی کے قیام سے ٹیکنالوجی سے متعلق قانون نہ ہونے کے خلا کو پُر کیا جا سکے گا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا یہ اتھارٹی ڈرون ٹیکنالوجی کے فروغ اور ملکی پیداوار میں بھی اہم کردار ادا کرے گی اور ڈرون سے وسائل کا موثر استعمال اورسروس ڈیلیوری میں بہتری میں مدد ملے گی۔
انہوں نے ہدایت کی اتھارٹی کے قیام سے متعلق قانون سازی کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے اور کابینہ کی منظوری کے بعد بل کو پارلیمنٹ میں پیش کیا جائے۔
اتھارٹی کا مقصد ڈرون ٹیکنالوجی کا فروغ اور اہم شعبے کو ریگولیٹ کرنا ہے، اتھارٹی لائسنس کا اجرا، درآمد اور ملک میں پیداوار کی اجازت دینے کی مجاز اور ڈرونز کی پیداوار، آپریشنز، ٹریننگ اور ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ کی ذمے دار ہوگی جب کہ جرمانے، سزا، لائسنسوں کی تنسیخ اور قانونی چارہ جوئی کا اختیار حاصل ہوگا۔
سیکریٹری ایوی ایشن ڈویژن اتھارٹی کے سربراہ ہوں گے جب کہ دیگر ارکان میں ایئرفورس، سی اے اے، دفاعی پیداوار، داخلہ اور وزارتِ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے اعلیٰ حکام شامل ہوں گے۔
وفاقی اکائیوں بشمول آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان سے ایک ایک نمائندہ شامل ہوگا جب کہ شعبے کے 3 ماہرین بھی اتھارٹی کا حصہ ہوں گے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔