انٹرمیڈیٹ کے امتحانات 26 جوٖلائی سے شروع ہوں گے
کراچی: 26 جولائی سے انٹرمیڈیٹ امتحانات کا آغاز ہوگا، کورونا وبا کی وجہ سے گزشتہ سال امتحانات کا انعقاد نہیں ہوسکا تھا، ایک لاکھ 12 ہزار 6 سو طلباء امتحان میں شریک ہوں گے، 210 امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں، 66 امتحانی مراکز کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔
ان خیالات کا اظہار اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر سعید الدین نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔
پروفیسر ڈاکٹر سعید الدین نے کہا کہ 16 رکنی ویجیلنس ٹیم بنائی گئی ہے جو دورہ کرے گی، 210 ویجیلنس افسر تعینات کیے گئے ہیں، نقل کی روک تھام کے لیے ایف آئی اے کے سائبر ونگ کو خط لکھا ہے، الیکٹرونک ڈیوائس اور موبائل پر پابندی ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ صبح کی شفٹ میں سائنس جب کہ شام میں آرٹس اینڈ کامرس گروپ کا امتحان لیا جائے گا۔ سائنس پری میڈیکل، پری انجینئرنگ، سائنس جنرل اورہوم اکنامکس گروپس کے امتحانات ہوں گے جس میں قریباً 55 ہزار 443 طلبہ و طالبات جب کہ کامرس ریگولر، کامرس پرائیویٹ، آرٹس ریگولر، آرٹس پرائیویٹ گروپس، خصوصی امیدواروں اور ڈپلومہ ان فزیکل ایجوکیشن کے 57 ہزار 157 امیدوار شرکت کریں گے۔
انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحانات میں صبح اور شام کی شفٹوں میں مجموعی طور پر 210 امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں۔
114 امتحانی مراکز صبح کی شفٹ میں جب کہ 96 امتحانی مراکز شام کی شفٹ میں بنائے گئے ہیں۔
مجموعی طور پر 66 امتحانی مراکزکو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے، جس میں 32 صبح کی شفٹ میں جب کہ 34 شام کی شفٹ میں ہیں۔