صورت حال اطمینان بخش، اپوزیشن جماعتیں منفی سیاست کررہی ہیں: وزیر داخلہ
لاہور: شیخ رشید نے کہا ہے کہ پنجاب سمیت ملک میں امن عامہ کی صورت حال اطمینان بخش ہے، موجودہ حالات میں اپوزیشن جماعتیں ڈیڑھ انچ کی مسجد بناکر منفی سیاست کررہی ہیں۔
نجی ٹی وی کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید اور وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے درمیان لاہور میں ملاقات ہوئی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، سیاسی صورت حال اور امن عامہ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم اور وزیراعظم عمران خان کی حکمت عملی سے معاملے کو بہتر انداز سے سلجھایا گیا، پنجاب سمیت ملک میں امن وعامہ کی صورت حال اطمینان بخش ہے، موجودہ حالات میں اپوزیشن جماعتیں ڈیڑھ انچ کی مسجد بنا کر منفی سیاست کررہی ہیں۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ معاملہ افہام و تفہیم سے حل ہونا پاکستان کی جیت ہے، پاکستان کے لیے سب نے اجتماعی بصیرت کا مظاہرہ کیا، حکومت سب سے پہلے پاکستان کے مفادات کو ترجیح دیتی ہے، موجودہ حالات میں اپوزیشن جماعتوں کا رویہ ملکی مفادات کے منافی ہے، حالات بہتری کی طرف جارہے ہیں اور مزید بہتر ہوں گے، پنجاب میں امن و عامہ کی صورت حال بہتر ہے۔