آزاد کشمیر میں شفاف انتخابات کو یقینی بنایا جائے گا، وزیر داخلہ
اسلام آباد: وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں منصفانہ اور غیر جانبدارانہ انتخابات کے انعقاد کے لیے الیکشن کمیشن کی درخواست پر وزارت داخلہ، ایف سی، رینجرز سمیت سول آرمڈ فورسز کے 7 ہزار سے زائد جوان بھجوا رہی ہے، آزاد کشمیر کے انتخابات میں تحریک انصاف کامیابی حاصل کرے گی اور حکومت بنائے گی، اپوزیشن نے پہلے ہی شور مچانا شروع کردیا ہے، سابق فاٹا کے علاقوں میں تھری جی، فور جی کھولنے جارہے ہیں، این سی او سی کی ہدایت پر راولپنڈی، اسلام آباد کے علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈائون کیا جارہا ہے۔
پیر کو وزارت داخلہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ مریم نواز اور بلال نے دھاندلی کاشور ڈالنا شروع کردیا ہے۔ کشمیر میں اللہ کے حکم سے پذیرائی عمران خان کی ہوگی اور 25 جولائی کو آزاد کشمیر کے انتخابات میں تحریک انصاف کامیاب ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر میں پی ٹی آئی حکومت کا قیام خطے کی ضرورت ہے۔ وزیراعظم عمران خان ہی اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر حل کرائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں شفاف انتخابات کے لیے ضرورت پڑنے پر سول آرمڈ فورسز کے ساتھ پاک فوج بھی فرائض سرانجام دے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایف آئی اے میں کئی کئی سال سے تعینات افسروں کو تبدیل کردیا گیا ہے۔ نادرا کراچی میں جعلی شناختی کارڈز بنانے میں ملوث 39 ملازمین کو معطل کردیا گیا ہے۔ ملک کے دیگر علاقوں میں بھی نادرا کے دفاتر میں ملی بھگت سے جعلی شناختی کارڈ بنانے والوں کے خلاف کارروائی کی ہدایت کی گئی ہے۔
وزیر داخلہ نے اعلان کیا کہ سابق فاٹا کے علاقوں میں تھری جی اور فورجی سروس کھولنے جارہے ہیں، جہاں ضرورت ہوگی شارٹ نوٹس پر یہ سروس بند بھی کی جاسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد راولپنڈی میں کورونا کے کیسز بڑھ رہے جس کی وجہ سے بعض متاثرہ علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈائون لگایا جارہا ہے۔
انہوں نے وزارت داخلہ کے ماتحت اداروں کو ہدایت کی کہ ذرائع ابلاغ بشمول سوشل میڈیا کے لیے اپنے ترجمان مقرر کریں، تاکہ عوام تک مستند اور درست معلومات پہنچ سکیں۔
وزیرداخلہ نے کہا کہ جن افراد کی رپورٹ نیگیٹو آئی ہے، انہیں طورخم بارڈر پر داخلے کی اجازت دے دی، جن کے کیسز پازیٹو ہیں ان کو ضلعی انتظامیہ قرنطینہ میں رکھے گی۔ وزیر داخلہ نے بتایا کہ تحریک لبیک پاکستان کے حوالے سے فیصلہ کل کابینہ کرے گی۔ کمیٹی نے سمری کابینہ کو بھجوا دی ہے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ پارلیمنٹ ہائوس کے سامنے مسلح شخص کے پستول میں گولیاں نہیں تھی۔ پولیس نے ملزم کو گرفتار کرکے پستول برآمد کرلیا ہے۔ واقعے کی تفتیش کی جارہی ہے۔
ایک اور سوال کے جواب میں وزیر داخلہ نے کہاکہ مریم نواز میں 14 اگست کو یوم آزادی کے موقع پر دھرنا دینے کی خواہش تڑپ رہی ہے۔ انہوں نے دھرنا دینا ہو تو دیں لیکن پتا چلا ہے کہ وہ سندھ جارہی ہیں۔ اپوزیشن آزاد کشمیر کے انتخابات میں شکست سے دوچار ہوگی اور پی ٹی آئی فتح یاب ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ بھارت نے ہمیشہ پاکستان کو نقصان پہنچانے کی ناکام کوشش کی۔ فیٹف میں بھی وہ پاکستان کے خلاف سازشیں کرتا رہا ہے۔ پاکستان میں انتشار پھیلانے والے پکڑے گئے ہیں۔ بھارت کی ہر سازش کو ہمارے اداروں نے ناکام بنایا ہے۔ آئندہ بھی ناکام بنائیں گے۔ وزیر داخلہ نے بتایا کہ وزارت داخلہ کا کام سرحد کا انتظام چلانا ہے، مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ نظام بارڈر کراسنگ پوائنٹس پر نصب کریں گے۔
شیخ رشید نے کہا کہ پاک فوج سے آزاد کشمیر کے انتخابات میں پولنگ اسٹیشنوں کے باہر مدد کی درخواست کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی حکومت دنیا کے دیگر ممالک کے مقابلے میں کورونا کی صورت حال سے بہتر طور پر نمٹنے میں کامیاب ہوئی ہے۔ این سی او سی نے بہترین کام کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف سمیت کسی رہنما کی طرف سے ای سی ایل سے نام نکلوانے کی درخواست موصول نہیں ہوئی۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان دونوں خودمختار ملک ہیں۔ خارجہ امور کے حوالے سے وزارت خارجہ ہی بیان جاری کرنے کی مجاز ہے۔ وزارت داخلہ سے متعلق تمام معاملات پر گہری نظر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے 70افغان شہری جن کا افغانستان میں علاج ممکن نہیں، کو پاکستان میں علاج کی اجازت دی گئی ہے۔
ایک سوال کے جواب میں وزیرداخلہ نے کہاکہ عید کی سرکاری تعطیلات کی وزارت داخلہ نے سمری بھجوادی ہے۔ 20 تاریخ سے چھٹیاں تجویز کی گئی ہیں۔