انشورنس کی لالچ، خاتون نے اپنا ہاتھ تن سے جدا کردیا
لیوبلیانا: سلووینیا کی عدالت نے ایک خاتون کو انشورنس کی رقم کے لالچ میں اپنا ہاتھ جان بوجھ کر کاٹنے کے جرم میں 2 سال قید کی سزا سنادی۔
رپورٹ کے مطابق 22 سالہ خاتون نے مبینہ طور پر اپنے ایک دوست اور والد کے اُکسانے پر اپنا ہاتھ آری سے کاٹ کر جسم سے علیحدہ کرلیا، تاکہ اسے انشورنس کی مد میں قریباً 12 لاکھ ڈالر کی رقم مل سکے۔
خاتون نے فرد جرم قبول کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ اس کا ہاتھ حادثاتی طور پر کٹا تھا اور کوئی بھی اس عمر میں جان بوجھ کر اپاہج نہیں ہونا چاہتا۔
پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ ہاتھ جان بوجھ کر اور منصوبہ بندی سے کاٹا گیا اور اس واقعے سے قبل ان لوگوں نے مختلف قسم کے انشورنس معاہدے بھی کیے تھے جب کہ ہاتھ کاٹنے کے بعد کٹا ہوا ہاتھ بھی اسپتال لے کر نہیں گئے۔
حکام نے فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے خاتون کا کٹا ہوا ہاتھ برآمد کرلیا جسے مقامی اسپتال میں آپریشن کرکے جوڑ بھی دیا گیا۔
عدالت نے خاتون کے دوست کو بھی 3 سال قید اور اس کے والد کو ایک سال قید کی سزا سنائی ہے۔