بھارتی سیاستدان فلائٹ نمبر کو ایئر ہوسٹس کا سیل نمبر سمجھ بیٹھے
کوہیما: بھارت کے بھولے سیاست دان فلائٹ نمبر کو ایئر ہوسٹس کا واٹس ایپ نمبر سمجھ بیٹھے۔
بھارتی ریاست ناگالینڈ کے وزیر اور بی جے پی رہنما تیمجن امنا الونگ نے ٹویٹ پر ایک پوسٹ شیئر کی جس میں انہوں نے فلائٹ میں پیش آنے والے ایک دلچسپ واقعے کا ذکر کیا۔
عالمی میڈیا کے مطابق ناگالینڈ کے وزیر تیمجن امنا الونگ اپنی دلچسپ پوسٹس کی وجہ سے سوشل میڈیا پر کافی مشہور ہیں اور صارفین کی پسندیدہ شخصیات میں سے ایک ہیں۔
اس بار انہوں نے ایک تصویر پوسٹ کی ہے جو ٹویٹر پر وائرل ہو رہی ہے جس میں دکھایا گیا کہ انڈیگو کی پرواز پر ایئرہوسٹس کی جانب سے ناگالینڈ کے وزیر کو استقبالیہ نوٹ دیا گیا جس کے آخر میں with love لکھ کر فلائیٹ نمبر لکھا ہوا تھا۔
ناگالینڈ کے وزیر نے واقعے کا ذکر کرتے ہوئے پوسٹ میں لکھا کہ انہوں نے اس فلائٹ نمبر کو واٹس ایپ نمبر سمجھا۔ ہاتھ سے لکھے نوٹ میں لکھا تھا، “محترم جناب، آج آپ کا ہمارے ساتھ ہونا ایک اعزاز کی بات ہے۔ انڈیگو ایئرلائن کا انتخاب کرنے کے لیے آپ کا شکریہ۔ محبت کے ساتھ، انڈیگو، 6E 7288۔”
اس پوسٹ کو پڑھتے ہی سوشل میڈیا صارفین کے ہنسی والے ایموجیز کے ساتھ دلچسپ تبصرے آنا شروع ہوگئے۔ ایک کمنٹ میں لکھا تھا کہ سَر! ایئر پوسٹس اپنے نمبر کے آخری 4 ہندسے آپ کو دوسری فلائٹ میں دے گی کیونکہ آجکل سب بزنس ہے، کوئی چیز مفت نہیں ملتی۔