کورونا کیسز بڑھنے پر بھارتیوں کا نیوزی لینڈ میں داخلہ بند
ویلنگٹن: کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے باعث نیوزی لینڈ نے بھارت سے آنے والے مسافروں کے داخلے پر پابندی لگادی۔
بھارت میں کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز سے نیوزی لینڈ نے بھارت سے آنے والے تمام مسافروں بشمول اپنے شہریوں کے ملک میں داخلے پر 2 ہفتوں کے لیے پابندی عائد کردی، یہ اقدام نیوزی لینڈ میں کورونا کے 23 کیسز سامنے آنے کے بعد کیا گیا، جن میں سے 17 مریضوں کا تعلق بھارت سے ہے۔
نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسنڈا آرڈرن نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ عارضی طور پر بھارت سے آنے والے مسافروں کے نیوزی لینڈ میں داخلے پر پابندی لگائی ہے جو 11 اپریل سے 28 اپریل تک عائد رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں بھارت سے کووڈ کیسز سامنے آنے کے بعد یہ حفاظتی اقدامات کیے گئے ہیں، تاہم پابندی کے دوران ہم اس مسئلے کا حل نکالنے کی کوشش کریں گے۔
خیال رہے کہ بھارت میں کورونا کیسز میں تیزی سے اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے جب کہ گزشتہ 3 دنوں سے روزانہ قریباً 10 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہورہے ہیں۔ دوسری جانب نیوزی لینڈ نے ملک سے کورونا وائرس ختم ہونے کا اعلان کیا ہے اور گزشتہ 40 دنوں میں مقامی طور پر کورونا کا ایک بھی کیس سامنے نہیں آیا۔