بھارتی فوج کی بدترین دہشت گردی، 5 کشمیری نوجوان شہید

سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں بھارتی دہشت گردی، درندگی کا سلسلہ تھم نہ سکا، مقبوضہ کشمیر کے اضلاع شوپیاں اور پلوامہ میں قابض بھارتی فوج کی فائرنگ سے مزید 5 کشمیری نوجوان شہید ہوگئے۔
کشمیر میڈیا سروس کا کہنا ہے کہ ضلع شوپیاں کے علاقے درچ میں قابض بھارتی فوج نے داخلی اور خارجی راستوں کو بند کرکے سرچ آپریشن کیا اور چادر و چہار دیواری کے تقدس کو پامال کرتے ہوئے خواتین کے ساتھ بدتمیزی کی گئی جب کہ بزرگوں اور بچوں کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا۔
بھارتی فوج نے سرچ آپریشن کے دوران ایک گھر پر فائرنگ کرکے 3 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا جب کہ شوپیاں کے ہی ایک اور علاقے ’’مولو‘‘ میں فائرنگ کرکے ایک کشمیری نوجوان کو شہید کردیا۔
پانچویں کشمیری نوجوان کی شہادت کا واقعہ ضلع پلوامہ میں پیش آیا، جہاں ایک سیکیورٹی پوسٹ پر تعینات بھارتی فوج نے نوجوان آصف احمد کو گولیاں مار کر شدید زخمی کردیا۔ نوجوان کو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے وہ جام شہادت نوش کرگیا۔
واضح رہے کہ ایک ہفتے میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے ہاتھوں شہید ہونے والے نوجوانوں کی تعداد 10 ہوگئی۔ 28 ستمبر کو کلگام میں 3 اور 30 ستمبر کو بارہ مولا میں 2 کشمیری نوجوانوں کو شہید کیا گیا تھا۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔