اچھے مواقع نہ ملنے پر بھارتی اداکارہ نے خودکشی کرلی

ممبئی: بھارت کی نوجوان اداکارہ بدیشا ڈی ماجمدار نے کیریئر میں اچھے مواقع میسر نہ آنے پر دل برداشتہ ہوکر خودکشی کرلی۔
بھارتی ذرائع ابلاغ نے بتایا کہ 21 سالہ بنگالی اداکارہ اور ماڈل بدیشا ماجمدار کولکتہ میں واقع اپنے کرائے کے اپارٹمنٹ میں مردہ پائی گئی ہیں، پولیس کا کہنا ہے کہ انہوں نے گلے میں پھندا لگا کر پنکھے سے لٹک کر خودکشی کی ہے۔
21 سالہ اداکارہ موت سے ڈیڑھ ماہ قبل ہی اپارٹمنٹ میں منتقل ہوئی تھیں، اداکارہ کے گھر والوں اور دوستوں کے مطابق اداکارہ کے نجی تعلقات کشیدہ تھے جب کہ وہ کیریئر بہتر نہ ہونے کی وجہ سے بھی پریشان تھیں۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ پولیس نے ایک خودکشی نوٹ بھی برآمد کیا ہے تاہم اس میں بدیشا نے مبینہ طور پر اپنی موت کے لیے کسی کو ذمے دار نہیں ٹھہرایا اور کیریئر میں بہتر مواقع نہ ملنے کو موت کی وجہ قرار دیا ہے، اداکارہ کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔
بدیشا کے دوستوں کا کہنا ہے کہ اس نے 2019 میں فری لانس ماڈلنگ شروع کی تھی اور وہ ناگر بازار اپارٹمنٹ میں اکیلی رہتی تھی۔ بدیشا کے کچھ قریبی دوستوں کا کہنا ہے کہ وہ بےحد اداس رہتی تھی اور اس نے ایک مرتبہ دوستوں سے ذکر کیا تھا کہ اگر کچھ نہیں بدلا تو وہ اپنی زندگی ختم کر دے گی۔
ان کا مزید کہناتھا کہ اداکارہ ایک جم انسٹرکٹر کے ساتھ قریبی تعلقات میں تھی اور وہ پریشان کن حالات کا شکار تھی کیونکہ اس کے بوائے فرینڈ کے متعددلڑکیوں سے تعلقات تھے۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ بدیشا کا تعلق کولکتہ سے تھا اور انہیں برائیڈل میک اپ فوٹو شوٹ کا جانا مانا چہرہ سمجھا جاتا تھا، وہ کچھ عرصے سے ڈپریشن کا شکار تھیں اور ان کے بوائے فرینڈ سے بھی ان کے تعلقات اچھے نہیں تھے جو اس کی موت کا سبب بنے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔