کمشنر کراچی کا شرقی و جنوبی اضلاع کو ’’تمباکو سے پاک ماڈل‘‘ کا درجہ دینے کا اعلان

کراچی: فرسٹ کمشنر کراچی ٹوبیکو کنٹرول آرٹ ایگزیبیشن کا اہتمام صادقین آرٹ گیلری فریئر ہال کراچی میں کیا گیا، جس کا مقصد پوسٹر/آرٹ ورک اور مختصر ویڈیوز کے ذریعے تمباکو کے استعمال کے انسانی صحت اور ہمارے ماحول پر بدترین اثرات کو اجاگر کرنا تھا۔
اس تقریب کا اہتمام ٹوبیکو اسموک فری کراچی پروجیکٹ وزارت قومی صحت حکومت پاکستان اور ٹوباکو کنٹرول ڈیسک کمشنر آفس کراچی کے اشتراک سے کیا گیا تھا۔
تقریب میں کمشنر کراچی ڈویژن محمد اقبال میمن نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی جب کہ عابد قمر شیخ اسسٹنٹ کمشنر جنرل ٹو کمشنر کراچی سمیت ڈپٹی کمشنرز سائوتھ، تعلیمی اداروں کے سربراہان، سول سوسائٹی کے اراکین، صحافیوں سمیت صوبائی حکومت کے دیگر افسران نے شرکت کی۔ نمائش کے ذریعے تمباکو کے مضر اثرات کو اجاگر کرنے اور نوجوان نسل کو اس تمام عمل میں شامل کرنے پر ’’تمباکو اسموک فری کراچی‘‘ پروجیکٹ اور کمشنر آفس کی کاوشوں کو سراہا گیا۔
نمائش میں 500 سے زائد طلباء نے شرکت کی، جن میں نجی/سرکاری تعلیمی ادارے جیسے علی گڑھ انسٹی ٹیوٹ آف آرٹ اینڈ ٹیکنالوجی، کراچی اسکول آف آرٹس، سرسید یونیورسٹی وغیرہ کے طلباء شریک تھے، نمائش میں ہر عمر کے طلباء نے حصہ لیا. نمائش میں 300 پوسٹرز آرٹ ورک میں سے 55 کا انتخاب کیا گیا اور 3 کو پہلی تین پوزیشنز کے لیے منتخب کیا گیا۔
کمشنر کراچی نے نمائش میں پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والوں کو شیلڈز سے نوازا، جنہوں نے اپنے پوسٹر آرٹ ورک اور مختصر ویڈیو کے ذریعے کامیابی سے تمباکو نوشی کی روک تھام اور مضر اثرات کا پیغام پہنچایا۔
اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کمشنر کراچی نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ یہ تقریب آگاہی بڑھانے اور تمباکو نوشی سے پاک کراچی کے ہمارے مقصد کو حاصل کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔
انہوں نے تمام طلباء اور تعلیمی اداروں کے سربراہان کو مبارک باد پیش کی، جنہوں نے ’’فرسٹ کمشنر ٹوبیکو کنٹرول آرٹ نمائش‘‘ میں کامیابی حاصل کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ اعلان کرنا بہت اچھا لمحہ ہے کہ کراچی انتظامیہ اس سال ساؤتھ اور ایسٹ دونوں اضلاع کو اسموک فری بنائے گی.
انہوں نے مزید کہا کہ پورے کراچی کو اسموک فری بنانے کے لیے اس سال کے آخر تک مزید کام شروع ہوجائے گا، جس کے لیے ایک لائحہ عمل تیار کرلیا گیا ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ تعلیمی اداروں کے تعاون سے نوجوانوں کو تمباکو کی مصنوعات کے استعمال کے خطرات سے متعلق آگاہ کیا جائے گا اور انہوں نے تمباکو نوشی کی روک تھام کے قوانین پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے ڈپٹی کمشنر ایسٹ اور ساؤتھ کے تعاون کو بھی سراہا۔ انہوں نے کراچی ایسٹ اور ساؤتھ کے دونوں ڈپٹی کمشنرز کو تمباکو اسموک فری کراچی ساؤتھ/ایسٹ بنانے اور تمباکو کی وبا کے خلاف جنگ میں ان کی خدمات کو تسلیم کرنے پر شیلڈز پیش کیں۔
انہوں نے کہا کہ تمباکو نوشی کے عالمی دن کے موقع پر کمشنر آفس کراچی اسموک فری کراچی کے حوالے سے اعلان کرے گا۔
آخر میں انہوں نے کراچی کو تمباکو نوشی سے پاک شہر بنانے کے لیے تعاون پر وزارت قومی صحت کا شکریہ ادا کیا اور کراچی کے ہر شہری سے مطالبہ کیا کہ وہ آنے والی نسلوں کی صحت و تندرستی کے تحفظ کے لیے اس نیک مقصد میں اپنا حصہ ڈالیں۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔