بھارت: راہول گاندھی کی اسمبلی رکنیت سپریم کورٹ سے بحال

نئی دہلی: بھارت میں سپریم کورٹ نے ہتک عزت کیس میں اپوزیشن رہنما راہول گاندھی کی اسمبلی رکنیت کی معطلی کی سزا کو کالعدم قرار دیتے ہوئے انہیں ان کی نشست پر بحال کردیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اپوزیشن جماعت کانگریس کو ایک بڑی اہم عدالتی کامیابی ملی ہے۔ راہول گاندھی کی رکنیت ناصرف بحال ہوگئی بلکہ وہ آئندہ برس ہونے والے جنرل الیکشن میں بھرپور طریقے سے انتخابی مہم بھی چلاسکیں گے۔
راہول گاندھی کے خلاف 2019 کی انتخابی مہم کے دوران مودی کے نام پر طنز کرنے پر ہتک عزت کا کیس دائر کیا گیا تھا، جس پر اپوزیشن لیڈر کو دو سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔
بھارتی قانون کے تحت دو سال قید کی سزا پر کسی بھی رکن اسمبلی کی رکنیت معطل ہوجاتی ہے۔ راہول گاندھی کی بھی رکنیت معطل کردی گئی اور انہیں کسی بھی انتخابی مہم میں شرکت سے روک دیا گیا تھا۔
اس فیصلے کے خلاف راہول گاندھی نے سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا، جہاں آج ان کے حق میں فیصلہ آگیا۔
حال ہی میں کانگریس نے 26 اپوزیشن جماعتوں کا انتخابی اتحاد تشکیل دیا ہے۔ راہول گاندھی کی رکنیت بحالی اور انتخابی مہم میں حصہ لینے کی اجازت سے مودی کے لیے آئندہ الیکشن میں اپنی کامیابی کے تسلسل کو برقرار رکھنا مشکل ہوجائے گا۔

 

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔