بھارت ایشین گیمز کے لیے بھی کرکٹ ٹیمیں بھیجنے سے انکاری

نئی دہلی: بھارت نے اپنی ٹیمیں ایشین گیمز 2023 کے لیے بھیجنے سے انکار کردیا۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق بھارت کرکٹ کے سوا تمام ایشین گیمز مقابلوں میں حصہ لے گا، مرد و خواتین کرکٹ ٹیمیں ایونٹ میں شرکت نہیں کریں گی۔ بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے ٹیموں کی پیشگی مصروفیات کا بہانہ بناتے ہوئے ٹورنامنٹ میں حصہ لینے سے انکار کیا۔
رپورٹس میں کہا گیا کہ بھارت کے ایشین گیمز کے لیے چیف مِشن نے کرکٹ ٹیموں کی عدم شرکت کی تصدیق کردی ہے جب کہ انڈین اولمپک ایسوسی ایشن کے رابطہ کرنے پر بورڈ کی جانب سے کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔
دوسری جانب بھارتی کرکٹ بورڈ نے موقف اپنایا ہے کہ اولمپک ایسوسی ایشن کو پہلے ہی آگاہ کردیا تھا کہ ہمارے فیوچر ٹور پروگرام طے ہیں اس لیے ایشین گیمز کیلئے ٹیمیں بھیجنا مشکل ہے۔
واضح رہے کہ ایشین گیمز میں کرکٹ کے ٹی20 میچز 23 ستمبر سے چین کے شہر ہینگ زو میں شیڈول ہیں۔
قبل ازیں بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے سربراہ جے شاہ نے ایشیاکپ 2023 کیلئے بھارتی ٹیم کو پاکستان بھیجنے سے انکار کردیا تھا۔ اس وقت پاکستان کرکٹ بورڈ نے موقف اپنایا ہے کہ اگر بھارتی ٹیم ایشیاکپ کیلئے پاکستان نہیں آتی تو ورلڈکپ 2023 کیلئے پاکستان کی ٹیم بھارت نہیں جائے گی۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔