بزرگ پنشنرز کے لیے حکومت کا بڑا فیصلہ!

اسلام آباد: ملک کے طول و عرض میں بسنے والے بزرگ پنشنرز کے لیے خوش خبری ہے کہ وفاقی حکومت نے ان کی پنشن میں اضافے کی منظوری دے دی۔
وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا، جس میں ایمپلائز اولڈ ایج بینیفٹس انسٹی ٹیوشن (ای او بی آئی) کی پنشن میں اضافے کی منظوری دی گئی۔
ای او بی آئی پنشنرز کو اب 6500 نہیں بلکہ 8500 روپے ملیں گے۔
21 فروری 2020 کو ای او بی آئی بورڈ نے پنشن میں 2 ہزار روپے اضافے کی منظوری دی تھی جس کا اطلاق یکم جنوری 2020 سے ہونا تھا۔
تاہم 14 اپریل 2020 کو وفاقی کابینہ نے ایمپلائز اولڈ ایج بینیفٹس انسٹی ٹیوشن (ای او بی آئی) کے پنشنرز کی پنشن میں اضافہ مؤخر کردیا تھا۔
اس کے علاوہ کابینہ اجلاس میں کراچی میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر ناکام حملے کی بازگشت بھی سنائی دی۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم اور کابینہ ارکان نے سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا اور شہید ہونے والے سیکیورٹی گارڈز اور پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔
کابینہ ارکان کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی اہلکاروں نے جان کا نذرانہ دے کر بڑی دہشت گردی سے بچایا، پوری قوم سیکیورٹی فورسز کو سلام پیش کرتی ہے، وزیراعظم نے ایک بار پھر کہا کہ اسٹاک ایکسچینج حملے میں بھارت ملوث ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔