پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ، مٹی کا تیل سستا
اسلام آباد: وفاقی حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کرتے ہوئے پٹرول فی لیٹر ایک روپے 35 پیسے مہنگا کردیا۔
وزارت خزانہ سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کا نوٹیفکیشن جاری کردیا، جس کے مطابق پٹرول 1.35 روپے، ہائی اسپیڈ ڈیزل آئل 3.85 روپے فی لیٹر مہنگا ہوگیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق مٹی کا تیل 1.48 روپے اور لائٹ ڈیزل آئل 2.61 روپے فی لیٹر سستا کردیا گیا ہے۔
پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق رات بارہ بجے سے ہوگا اور اگلے 15 روز کے لیے اس کا نفاذ ہوگا۔
نوٹیفکیشن میں بتایا گیا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل بین الاقوامی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں ہونے والی کمی بیشی کے تناظر میں کیا گیا ہے۔
قیمتوں میں اضافے کے بعد پٹرول کی قیمت 247.03 روپے فی لیٹر سے بڑھ کر248.38 روپے فی لیٹر، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت251.29 روپے فی لیٹر سے بڑھ کر255.14 روپے فی لیٹر ہوگئی ہے۔
اسی طرح مٹی کے تیل کی قیمت 163.02 روپے فی لیٹر سے کم ہوکر 161.54 روپے فی لیٹر اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت 150.12 روپے فی لیٹر سے کم ہو کر147.51 روپے فی لیٹر ہوگئی ہے۔