سندھ میں ویکسین نہ لگوانے والے سرکاری ملازم کو جولائی کی تنخواہ نہیں ملے گی

کراچی: سندھ حکومت نے کورونا ویکسین نہ لگوانے والے سرکاری ملازم کو جولائی کی تنخواہ نہ دینے کا فیصلہ کرلیا۔ وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے صوبائی محکمہ خزانہ کو ہدایت جاری کردی۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت کورونا صوبائی ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا، جس میں صوبے میں کورونا کی صورت حال کا جائزہ لیا گیا۔ مراد علی شاہ نے محکمہ خزانہ کو ہدایت کی کہ جو سرکاری ملازم ویکسین نہیں لگوائے گا، اس کی جولائی سے تنخواہ بند کی جائے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ بیرون ملک سے کراچی آنے والے 26 ہزار 812 افراد کے ٹیسٹ کیے گئے، 55 افراد کے ٹیسٹ مثبت آئے، 29 مئی کو 4 مسافروں میں انڈین ویرینٹ کی تشخیص ہوئی، ان افراد سے 14 لوگ رابطے میں آئے ان کے بھی ٹیسٹ کیے جارہے ہیں۔
کورونا صوبائی ٹاسک فورس اجلاس کو بتایا گیا کہ سندھ میں اب تک 15 لاکھ سے زائد افراد کو ویکسین لگائی جاچکی، ضلع شرقی کورونا سے بدستور سب سے زیادہ متاثر ہے، 27 مئی سے 2 جون تک ضلع شرقی میں 21 فیصد نئے کیسز اور 20 اموات ہوئیں، گزشتہ ماہ سندھ میں 392 افراد کورونا سے جاں بحق ہوئے، انتقال کرجانے والوں میں سے 238 وینٹی لیٹرز پر تھے، 73 افراد کا انتقال گھروں پر ہوا۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔