عمران خان میانوالی سے بھی انتخابات لڑنے کے لیے نااہل قرار
راولپنڈی: لاہور کے بعد الیکشن ٹریبونل نے میانوالی سے بھی بانی پی ٹی آئی کو الیکشن لڑنے کے لیے نااہل قرار دے دیا۔
بانی پی ٹی آئی عمران خان کے این اے 89 میانوالی سے ریٹرننگ افسر نے کاغذات نامزدگی مسترد کیے گئے تھے، جس کے خلاف انہوں نے ٹریبونل میں اپیل دائر کی تھی۔
راولپنڈی ہائی کورٹ بینچ کے الیکشن ٹریبونل کے جج جسٹس چوہدری افضل نے عمران خان کی اپیل پر سماعت کی تھی، جس میں پی ٹی آئی رہنما علی ظفر نے دلائل دیے تھے جب کہ ٹریبونل نے 7 جنوری کو اپیل پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔
الیکشن ٹربیونل نے آج فیصلہ سناتے ہوئے عمران خان کی این اے 89 میانوالی سے کاغذات نامزدگی مسترد کیے جانے کے خلاف اپیل مسترد کردی اور انہیں الیکشن کے لیے نااہل قرار دینے کا آر او کا فیصلہ برقرار رکھا۔
اس سے قبل الیکشن ٹریبونل بانی پی ٹی آئی عمران خان کو این اے 122 لاہور سے بھی الیکشن لڑنے کے لیے نااہل قرار دے چکا ہے۔
عمران خان نے عام انتخابات میں حصہ لینے کے لیے قومی اسمبلی کے دوں حلقوں سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے، جن میں این اے 122 لاہور، این اے 89 میانوالی شامل ہیں۔