پاکستانی معیشت کو بڑی مالیاتی ضروریات جیسے چیلنجز کا سامنا ہے، آئی ایم ایف
اسلام آباد: آئی ایم ایف نے کہا ہے کہ بیرونی شراکت داروں کی بروقت مالی امداد پاکستان کے ساتھ نویں جائزے کی کامیابی یقینی بنانے میں اہم ہوگی اور مالیاتی یقین دہانیوں کے بعد پاکستان کے ساتھ اگلا قدم اٹھاسکیں گے۔
آئی ایم ایف کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ پاکستان کی معیشت کو سست شرح نمو اور بلند افراط زر جیسے چیلنجز کا سامنا ہے، پاکستان کی معیشت کو بڑی مالیاتی ضروریات جیسے چیلنجز کا سامنا ہے اور یہ سب چیلنجز پاکستان میں تباہ کن سیلاب کی وجہ سے ہوئے۔
آئی ایم ایف کا کہنا ہے کہ 9 واں جائزہ مکمل کرنے کے لیے آئی ایم ایف اورپاکستانی حکام میں بات چیت جاری ہے، پاکستانی حکام نے فیصلہ کن اقدامات پر عمل درآمد شروع کردیا ہے، یہ فیصلہ کن اقدامات پاکستانی معیشت کو مستحکم کرنے اور اعتماد بحال کرنے کے لیے ہیں۔
آئی ایم ایف کے مطابق بیرونی شراکت داروں کی بروقت مالی امداد جائزے کی کامیابی یقینی بنانے میں اہم ہوگی، پاکستان کو دیگر مالیاتی اداروں اور دوست ممالک سے بھی مالی تعاون یقینی بنانا ہے، ان مالیاتی یقین دہانیوں کے بعد پاکستان کے ساتھ اگلا قدم اٹھاسکیں گے۔