اب بغیر وجہ کے ٹیم سے نکالا گیا تو ایکشن لوں گا، عماد وسیم

لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر عماد وسیم کا کہنا ہے کہ اگر اب انہیں بغیر کسی ٹھوس وجہ کے قومی ٹیم سے نکالا گیا تو وہ اس کے خلاف قدم اٹھائیں گے۔
نجی ٹی وی سے عماد وسیم نے پی سی بی کے پچھلے سیٹ اپ کے دوران اپنے ساتھ ہونے والی ناانصافی کے بارے میں کھل کر بات کی۔
عماد نے کہا، ساری جگہ پرفارمنس ہورہی تھی، مجھے ہمیشہ سے اپنی صلاحیتیوں پر یقین ہے اور رہے گا، میں خود یہ بات کہتا ہوں کہ اگر اُس لیول پر کارکردگی نہ دکھا سکوں تو ریٹائرمنٹ لے کر سائیڈ پر ہوجاؤں۔
انہوں نے کہا الحمدللہ اللہ پاک نے اتنی عزت دی ہے، عزت سے کھیلوں گا اور عزت سے ہی ریٹائر ہوں گا۔
عماد وسیم کا کہنا تھا کہ پاکستان کی طرف سے نہ کھیلنے سے مایوسی ہوتی ہے لیکن میرا مالی طور پر کوئی نقصان نہیں ہوا بلکہ میں نے اس سے 10 گنا زیادہ ہی کمایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں نے کچھ چیزیں سنی ہیں کہ انہوں (کرکٹ بورڈ) نے کہا کہ کنڈیشنز ایسی تھیں کہ عماد کو نہیں کھلا سکتے تھے، اگر کنڈیشنز کا مسئلہ ہوتا تو جنوبی افریقی لیگ مجھے سائن نہ کرتی، یہ لیگ میں سیاسی مسئلے کی وجہ سے نہیں کھیل سکا، باقی بگ بیش بھی مجھے سائن نہ کرتی۔
انہوں نے مزید کہا میں یہاں بیٹھ کر کچھ بھی بول سکتا ہوں، کسی کو بھی نشانہ بنا سکتا ہوں لیکن مجھ میں اور ان میں پھر کیا فرق رہے گا؟ پاکستانی عوام سمیت سب کو سب کچھ پتا ہے، مجھے بحث میں نہیں پڑنا، میں نے اپنا معاملہ اللہ تعالیٰ پر چھوڑا تھا کہ اللہ دیکھ رہا ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ میں کہنا چاہوں گا کہ یہ جو سال سوا سال مجھے نہ چاہتے ہوئے بھی بتایا نہیں گیا اور ڈراپ کردیا، اب اس طرح نہیں ہوسکے گا کیونکہ اب اس بار میرے ایکشن اہم ہوں گے کیونکہ اب مجھے بغیر کسی وجہ کے باہر نکالا گیا تو میں پروفیشنل طریقے سے یہ معاملات حل کرنے کی کوشش کروں گا اور قدم اٹھاؤں گا۔
واضح رہے کہ پی ایس ایل 8 میں نمایاں کارکردگی دکھانے پر عماد وسیم نے افغانستان کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں جگہ بنائی تھی۔
اب نیوزی لینڈ کے خلاف پانچ ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کے لیے بھی عماد وسیم کا نام قومی اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔