عمران اور بشریٰ بی بی کیخلاف غیر شرعی نکاح کیس قابل سماعت قرار

اسلام آباد: عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف غیر شرعی نکاح کیس قابل سماعت قرار دے دیا گیا۔
اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس کے جج قدرت اللہ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف غیر شرعی نکاح کیس کی سماعت کی، اس سلسلے میں بشریٰ بی بی کے سابق شوہر خاور مانیکا نے عدالت میں پیش ہوکر حاضری لگوائی جب کہ خاور مانیکا کے وکیل رضوان عباسی بھی عدالت میں پیش ہوئے۔
وکیل درخواست گزار رضوان عباسی نے کہا کہ عدالت میں دو گواہ پیش ہوئے، ایک نے وقوع آنکھوں سے دیکھا اور دوسرے کو بتایا، اس پر جج نے کہا کہ آپ قانون دیکھیں، قانون کیا کہتا ہے، قانون کے مطابق ایسے معاملے پر شکایت کنندہ کے ساتھ 2 گواہ ہونا ضروری ہیں، قانون کے نزدیک شرائط پوری ہونا ضروری ہیں۔
جج نے کہا کہ قانون واضح ہے جنہیں ہم تبدیل نہیں کرسکتے، فیصلے تب ضرورت ہوتے ہیں جب قانون واضح نہ ہو۔
وکیل درخواست گزار نے کہا کہ میرے دلائل سن لیں، میں دلائل دینے کو تیار ہوں، میں نے سپریم کورٹ جانا ہے، دلائل ابھی سن لیں، گھر میں خاتون ملازمہ بھی تھی جو ٹرائل میں بطور گواہ شامل ہوسکتی ہیں۔
بعدازاں عدالت نے کیس کی سماعت میں کچھ دیر کے لیے وقفہ کردیا اور کچھ دیر بعد سماعت شروع ہوئی تو جج نے کہا کہ خاور مانیکا کا بیان آپ دیکھ لیں، کچھ بھی نہیں بیان میں، قانون کے مطابق شکایت کنندہ کے ساتھ 2 گواہان لازم ہیں۔
سماعت کے دوران وکیل درخواست گزار نے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو نوٹس جاری کرنے کی استدعا کی، اس پر جج نے کہا کہ خاور مانیکا کو آدھا شکایت کنندہ اور آدھا گواہ تو نہیں بناسکتے نا، اس پر وکیل درخواست گزار نے کہا کہ نکاح خواں بھی موجود ہے، چشم دید گواہ بھی اور سننے والا بھی۔
بعدازاں عدالت نے غیر شرعی نکاح کیس قابل سماعت ہونے یا نہ ہونے پر فیصلہ محفوظ کرلیا جو چند گھنٹوں بعد سناتے ہوئے درخواست قابل سماعت قرار دے دی اور فریقین کو نوٹسز جاری کردیے جب کہ عدالت نے دفعہ 496 بی میں بھی بانی پی ٹی آئی، بشریٰ بی بی کو نوٹس جاری کردیا۔
عدالت نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اڈیالہ جیل میں ہیں، ای اٹینڈنس کرائی جائے اور بشریٰ بی بی ذاتی حیثیت میں عدالت پیش ہوں۔
عدالت نے غیر شرعی نکاح کیس کی سماعت 14 دسمبر تک ملتوی کردی۔

 

 

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔